سعودی عرب نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 3580 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے اور اب مملکت میں کووِڈ-19 کے کل کیسوں کی تعداد 209509 ہوگئی ہے۔
سعودی وزارت صحت کے مطابق اس مہلک مرض میں مبتلا مزید 58 افراد وفات پاگئے ہیں۔مملکت میں یہ ایک دن میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔اب کل اموات کی تعداد 1916 ہوگئی ہے۔
آج بھی دارالحکومت الریاض میں کووِڈ-19 کے سب سے زیادہ 332نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔اس کے بعد الطائف میں 271، خمیس مشیط میں 242 ، مکہ مکرمہ میں 230 اور الدمام میں 206 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔باقی کیس مملکت کے دوسرے صوبوں میں رپورٹ ہوئے ہیں۔
وزارتِ صحت نے مزید بتایا ہے کہ اتوار کو کرونا وائرس کا شکار مزید 1980 مریض تن درست ہوگئے ہیں اور صحت یاب ہونے والے کل مریضوں کی تعداد 145236 ہوگئی ہے۔
اس وقت سعودی عرب میں کرونا وائرس کے فعال کیسوں کی تعداد 62357 ہے۔ ان میں 2283 کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے اور وہ اسپتالوں کے انتہائی نگہداشت کے یونٹوں میں زیرِعلاج ہیں۔ پانچ جولائی تک سعودی عرب نے کرونا وائرس کے 1874327 ٹیسٹ کیے ہیں۔
#عاجل | #وزارة_الصحة : فيروس #كورونا المستجد.
— واس العام (@SPAregions) July 5, 2020
الحالات الجديدة: 3,580 حالة
حالات التعافي : 1,980
الوفيات الجديدة : 58 #نعود_بحذر #واس_عام pic.twitter.com/HCMJ4SxTdl
سعودی عرب نے گذشتہ ماہ کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے نافذ کردہ کرفیو اور لاک ڈاؤن کو ختم کردیا تھا جس کے بعد اس مہلک وبا کا شکار ہونے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔اس کے علاوہ سعودی حکومت نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عاید کردہ مختلف پابندیوں میں بتدریج نرمی کردی ہے یا ان کا مکمل خاتمہ کردیا ہے اور مختلف تجارتی سرگرمیوں اور کاروباروں کودوبارہ کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔
خطے میں سعودی عرب میں اب تک کرونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے۔اس کے بعد قطر خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) میں شامل ممالک میں کرونا کے مریضوں کی تعداد کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر ہے۔
سعودی عرب جی سی سی کے رکن ممالک میں آبادی اور رقبے کے اعتبار سے سب سے بڑا ملک ہے۔اس کی آبادی تین کروڑ 47 لاکھ 60 ہزار سے زیادہ نفوس پرمشتمل ہے اور اس طرح اس کی آبادی جی سی سی کے دوسرے پانچ ممالک کی مجموعی آبادی سے زیادہ ہے۔