.

سعودی عرب اور عراق میں توانائی اور کھیل کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے سمجھوتے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب اور عراق نے سوموار کے روز توانائی اور کھیل کے شعبوں میں دوطرفہ سرمایہ کاری کے لیے سمجھوتوں پر دست خط کیے ہیں۔

عراق کے وزیر خزانہ علی علاوی کے زیر قیادت اعلیٰ سطح کا وفد اتوار کو سعودی عرب کے سرکاری دورے پر الریاض پہنچا تھا۔ان کی قیادت میں وفد نے سعودی حکام کے ساتھ دوطرفہ تجارتی اور سیاسی تعلقات کے فروغ کے بارے میں بات چیت کی ہے اور دونوں ملکوں کے حکام نے مفاہمت کی مختلف یادداشتوں پر دست خط کیے ہیں۔

عراقی وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی بھی آج الریاض پہنچنے والے تھے لیکن خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی اچانک طبیعت ناساز ہونے کے بعد ان کا دورہ منسوخ کردیا گیا ہے۔شاہ سلمان کو طبی معائنے اور ٹیسٹوں کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔