.

ایران:دارالحکومت تہران کے نواح میں واقع صنعتی علاقےمیں آگ لگ گئی!

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ایران کے دارالحکومت تہران کے نواح میں واقع ایک صنعتی علاقے میں منگل کے روز آگ لگ گئی۔ ایران میں حالیہ ہفتوں کے دوران میں آتش زدگی کا یہ تازہ واقعہ ہے۔

ایران کے سرکاری ٹی وی نے اطلاع دی ہے کہ ’’پردیس کاؤنٹی میں واقع ضلع جاجرد میں آج صبح ایک صنعتی علاقے میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔آگ بجھانے والا عملہ اس پر قابو پانے میں مصروف تھا۔ فوری طور پر واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی‘‘۔

فائر ڈیپارٹمنٹ کے ایک اہلکار نے سرکاری ٹی وی کو بتایا ہے کہ آتش زدگی کی وجہ کی تحقیقات کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ ایران میں جون کے وسط سے فوجی ، جوہری اور صنعتی تنصیبات میں آتش زدگی یا دھماکوں کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں۔

12 جولائی کو ملک کے جنوب مغرب میں واقع شہر ماہشہر میں پیٹرو کیمیکل کے ایک بڑے پلانٹ میں گرم تیل رسنے کے بعد کنٹینروں میں آگ لگ گئی تھی۔ماہشہر تیل کی دولت سے مالامال جنوب مغربی صوبہ خوزستان میں واقع ہے۔

دارالحکومت تہران میں 11 جولائی کو ایک اقامتی عمارت میں گیس کے دھماکے سے ایک شخص زخمی ہوگیا تھا۔جمعہ 10 جولائی کو تہران کے مغربی حصے سے ایک نامعلوم دھماکے کی آواز سنی گئی تھی لیکن اس کی نوعیت معلوم نہیں ہوسکی تھی۔

تہران کے شمال میں جولائی میں ایک میڈیکل کلینک میں دھماکے میں 19 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ حکام کا کہنا تھا کہ یہ دھماکا گیس کے اخراج کے نتیجے میں ہوا تھا۔

جولائی ہی میں ایران کے شمال مغرب میں واقع شہر تبریز میں سیلو فین پرنٹنگ کی ایک فیکٹری میں آگ لگ گئی تھی۔چار جولائی کو ماہشہرمیں واقع پیٹرو کیمیکل کے ایک کمپلیکس میں کلورین گیس کے اخراج سے 70 سے زیادہ ورکر بیمار پڑ گئے تھے۔

26 جون کو تہران کے مشرق میں واقع پارچین میں فوجی اور اسلحہ کے اڈے پر دھماکا ہوا تھا۔ یہ دھماکا بھی اس بیس سے باہر گیس کے اخراج کے نتیجے میں ہوا تھا۔