.

یورپی یونین کے اجلاس کے بعد آسٹریا کے وزیر خارجہ کرونا کا شکار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

دنیا بھر میں حکومتی ذمے داران کے کرونا وائرس کا شکار ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس حوالے سے آسٹریا کی وزارت خارجہ کی خاتون ترجمان نے ہفتے کے روز بتایا کہ وزیر خارجہ الیگزینڈر شیلنبرگ کے ٹیسٹوں سے یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ وہ کوویڈ 19 سے متاثر ہو گئے ہیں۔ غالب گمان ہے کہ یہ متعدی وائرس گذشتہ پیر کے روز یورپی یونین کے وزراء خارجہ کے اجلاس کے دوران الیگزینڈر کو منتقل ہوا۔

ترجمان کے مطابق احتیاطی اقدام کے طور پر آج ہفتے کے روز تمام حکومتی ارکان کا کرونا ٹیسٹ ہو گا۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ آسٹرین وزیر خارجہ پر کرونا کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔

کرونا وائرس نے دنیا بھر میں متعدد عہدے داران کو اپنی لپیٹ میں لیا۔ ان میں اہم ترین امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن، برازیلی صدر جیئر پولسونارو، برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلس اور آسٹریلوی وزیر داخلہ پیٹر ڈیٹن ہیں۔

واضح رہے کہ جمعرات کے روز دنیا بھر میں کرونا وائرس کے 4 لاکھ سے زیادہ نئے کیسوں کا اندراج ہوا۔ صحت سے متعلق حکام کی رپورٹوں کے مطابق یہ ایک دن کے اندر کرونا وائرس کے سب سے زیادہ متاثرین سامنے آنے کی ریکارڈ تعداد ہے۔

جمعرات کے روز کرونا کے 404,758 نئے کیسوں اور 6086 اموات کا اعلان کیا گیا تھا۔