یورپی یونین کے لیڈروں اُرسلا وان دیر لیون اور چارلس میشیل نے بدھ کو برطانیہ کے ساتھ طے شدہ بعد از بریگزٹ معاہدے پر دست خط کردیے ہیں۔
اس معاہدے کے مسودے کو بعد میں برطانیہ کی شاہی فضائیہ کے طیارے کے ذریعے لندن بھیج دیا گیا ہے جہاں اس پر برطانوی وزیراعظم بورس جانسن دست خط کریں گے۔
یورپی یونین کے رکن ستائیس ممالک کے سفیروں نے گذشتہ سوموار کو بعد از بریگزٹ برطانیہ سے تجارت کے معاہدے کی منظوری دی تھی۔یہ معاہدہ برطانیہ کے 31 دسمبر کو یورپی یونین سے مکمل اخراج کے بعد یکم جنوری سے نافذالعمل ہوگا۔
معاہدے کے تحت یورپی یونین کے تمام رکن ممالک نئے سال کے آغازسے برطانیہ کے ساتھ کسی قسم کے ٹیرف/ محصول کے بغیر آزادانہ تجارت کرسکیں گے۔
اس ڈیل کی یورپی پارلیمان سے بھی توثیق ضروری ہے اور توقع ہےکہ وہ فروری کے آخر میں اس کی منظوری دے گی۔ برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان گذشتہ جمعرات کو یہ تجارتی معاہدہ طے پایا تھا اوراس طرح برطانیہ کی یورپ کے سب سے بڑے تجارتی بلاک سے اخراج میں حائل آخری رکاوٹ بھی ختم ہوگئی تھی۔