دبئی:کووِڈ-19 کےضوابط کی خلاف ورزی؛صحرائی کیمپ بند، منتظمین اورشرکاء پربھاری جرمانہ
دبئی پولیس نے کووِڈ-19 کو پھیلنے سے روکنے کے لیے نافذ ضوابط اور احتیاطی تدابیر کی پاسداری نہ کرنے پر صحرا میں لگائے گئے ایک تفریحی کیمپ کو بند کرادیا ہے اور اس کے منتظمین اور شرکاء پر بھاری جرمانے عاید کیے ہیں۔
دبئی کے میڈیا دفتر کے مطابق پولیس نے دبئی سیاحت کے ساتھ مل کر صحرائی کیمپ کے خلاف کارروائی کی ہے۔اس کے منتظم کو کووِڈ-19 کی احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی کی پاداش میں 50 ہزار درہم اور اس کے ہر شریک کو 15 ہزار درہم جرمانہ عاید کیا ہے۔
میڈیا دفتر نے اس کیمپ میں منعقد کی جانے والی پارٹی کی تصاویر بھی جاری کی ہیں۔ان میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شرکاء سماجی فاصلے کے ضابطے کی پاسداری نہیں کررہے ہیں اور وہ بلا روک ٹوک آپس میں گھل مل رہے ہیں۔
Dubai Police, in cooperation with Dubai Tourism, shuts down a desert camp that organized a private gathering while violating Covid-19 precautionary measures. The camp operator was fined AED50,000 while each participant was fined AED15,000. pic.twitter.com/V0QCvWshEd
— Dubai Media Office (@DXBMediaOffice) February 8, 2021
امارت دبئی نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے یکم فروری سے تفریحی سرگرمیوں اور طعام گاہوں پر سخت پابندیاں عاید کی ہیں اور ان کی خلاف ورزی کے مرتکبین پر جرمانے عاید کیے جارہے ہیں۔
دبئی کی سپریم کمیٹی برائے کرائسیس اور ڈیزاسٹرمینجمنٹ نے ان نئی پابندیوں کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے نگرانی کا نظام مزید سخت کیا ہے۔دبئی کے میڈیا دفتر کے مطابق پب اور بارفروری کا پورا مہینہ بند رہیں گے۔
عمارتوں کے اندرون میں شرکاء کی تعداد کم رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔سینماگھروں ، تفریحی مراکز ،اندرونی کھیلوں کی جگہوں میں ان کی کل گنجائش کے صرف 50 فی صد شرکاء کو بیٹھنے کی اجازت ہے۔
ہوٹلوں میں گنجائش 70 فی صد تک محدود کردی گئی ہے شاپنگ مالوں میں بھی 70 فی صد گنجائش کی پابندی رہے گی اور کسی خریداری مرکز میں اس کی کل گنجائش کے مقابلے میں صرف 70 فی صد افراد کو داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔حکومت نے ریستوران اور کیفے رات ایک بجے تک بند کرنے کی ہدایت کی ہے اور ان میں کوئی تفریحی سرگرمی منعقد کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
دریں اثناء متحدہ عرب امارات نے سوموار کو گذشتہ 24 گھنٹے میں کروناوائرس کے 2798 نئے کیسوں کی تشخیص کی اطلاع دی ہے۔وزارت صحت کے مطابق اب ملک میں کروناوائرس کی وَبا پھیلنے کے بعد کل تشخیص شدہ کیسوں کی تعداد 329293 ہوگئی ہے۔