.

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد اورعراقی وزیراعظم کا دوطرفہ تعلقات پرتبادلہ خیال

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور عراقی وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی نے الریاض میں دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

عراقی وزیراعظم بدھ کی صبح سعودی عرب کے سرکاری دورے پر الریاض پہنچے تھے۔شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بہ نفس نفیس ان کا خیر مقدم کیا۔

مصطفیٰ الکاظمی کو اس دورے کی دعوت شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اگلے روز دی تھی اور ان کے اس دورے کا مقصد سعودی عرب اور عراق کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور خطے میں باہمی مفاد کے لیے تعاون کو فروغ دینے سے متعلق امور پر بات چیت ہے۔

الریاض میں متعیّن عراقی سفیر عبدالعزیزالشامرائی نے العربیہ کو ایک بیان میں کہا کہ’’وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی ایک اہم مرحلے پر یہ دورہ کررہے ہیں۔اس کا مقصد سماجی ، سیاسی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون کا جائزہ لینا ہے۔‘‘

انھوں نے مزید کہاکہ ’’دونوں ممالک سرحدی گذرگاہوں سے آمدورفت میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں تاکہ عراق اور سعودی عرب کی کاروباری شخصیات کے درمیان روابط کو فروغ دیا جاسکے اور وہ آپس میں تجارتی تعلقات بڑھانے سے متعلق امور پربات چیت کرسکیں۔‘‘