یواے ای اوربحرین میں ویکسین لگوانے والےمسافروں کے لیے’’محفوظ راہداری‘‘کاقیام
متحدہ عرب امارات اور بحرین نے کووِڈ-19 کی ویکسین لگوانے والے افراد کے لیے ایک ’’محفوظ سفری راہداری‘‘ قائم کردی ہے۔
یو اے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق دونوں ملکوں نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ’’کرونا وائرس کی ویکسین لگوانے والے افراد عیدالفطر کی چھٹیوں میں دونوں ملکوں کے درمیان آزادانہ سفر کرسکیں گے۔انھیں ایک سے دوسرے ملک میں آمد کے موقع پرقرنطین میں رہنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔البتہ انھیں میزبان ملک میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے نافذالعمل دوسری احتیاطی تدابیر کی پاسداری کرنا ہوگی۔‘‘
بیان کے مطابق یواے ای اور بحرین کے جو شہری اور مکین اس استثنا سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں،انھیں اپنی آمد پر حکام کو ثبوت کے طور پرکووِڈ-19 کی ویکسین کی دوسری خوراک لگوانے کا سرٹی فیکیٹ دکھانا ہوگا۔