.

سعودی عرب یمن میں جاری بحران کا جامع سیاسی حل چاہتا ہے: شہزادہ خالد

سعودی نائب وزیردفاع کی امریکا اور اقوام متحدہ کے یمن کے لیے ایلچیوں سے ملاقات میں گفتگو

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے نائب وزیردفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے یمن میں جنگ بندی کے لیے اقوام متحدہ کی کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ سعودی عرب یمن میں جاری بحران کا جامع سیاسی حل چاہتا ہے۔

انھوں نے الریاض میں اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی برائے یمن مارٹن گریفیتھس اور امریکا کے خصوصی ایلچی برائے یمن ٹِم لنڈرکنگ سے الگ الگ ملاقات کی ہے اور ان سے یمن میں متحارب فریقوں کے درمیان جنگ بندی سمیت بحران کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔

انھوں نے مارٹن گریفیتھس سے گفتگو میں کہا کہ سعودی عرب یمن میں جنگ بندی کے لیے اقوام متحدہ کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی نے سعودی عرب کے یمن میں جاری بحران کے خاتمے کے لیے پیش کردہ جامع امن اقدام کی مکمل حمایت کا اظہار کیا اور یمنیوں کے لیے فراخدلانہ انسانی امداد کے ضمن میں مملکت کے کردار کو سراہا ہے۔

امریکا کے خصوصی ایلچی برائے یمن ٹِم لنڈرکنگ اور سعودی عرب کے نائب وزیردفاع شہزادہ خالد بن سلمان ۔
امریکا کے خصوصی ایلچی برائے یمن ٹِم لنڈرکنگ اور سعودی عرب کے نائب وزیردفاع شہزادہ خالد بن سلمان ۔

شہزادہ خالد اور امریکا کے خصوصی ایلچی برائے یمن ٹِم لنڈرکنگ نے ملاقات میں سعودی امن اقدام اور اقوام متحدہ کی یمن میں جنگ بندی اور یمنی بحران کے جامع سیاسی حل کے لیے کوششوں کی حمایت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ہے اور دونوں ملکوں کی جانب سے ان کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔