.
یمن اور حوثی

عرب اتحاد نے یمنی دارالحکومت صنعاء میں حوثیوں کا ڈرون لانچ پیڈ تباہ کردیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

عرب اتحاد نے یمن کے دارالحکومت صنعاء میں ایک فضائی حملے میں حوثی ملیشیا کا بغیرپائیلٹ طیاروں کا لانچ پیڈ تباہ کردیا ہے۔

عرب اتحاد نے منگل کے روزایک بیان میں کہا ہے کہ حوثی ملیشیا اس لانچ پیڈ کو سعودی عرب کے خلاف ’’معاندانہ حملوں‘‘ کے لیے استعمال کررہی تھی اور یہاں سے سعودی عرب کے شہروں کی جانب بارود سے لدے ڈرونز چھوڑ رہی تھی۔

عرب اتحاد کی اس کارروائی سے ایک روز قبل حوثیوں نے سعودی عرب کے ابھاائیرپورٹ پر ڈرون سے حملہ کیا تھا۔اس حملے میں آٹھ افراد زخمی ہوگئے تھے اور ہوائی اڈے پر کھڑے ایک طیارے کو نقصان پہنچا تھا۔

العربیہ کے ذرائع کے مطابق اس ڈرون کے تباہ ہونے کے بعد اس کے ٹکڑے ہوائی اڈے پر بکھر گئے تھے۔

ایران کے حمایت یافتہ حوثی جنگجو سعودی عرب اور یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کی عمل داری والے علاقوں پر آئے دن ڈرون اور بیلسٹک میزائلوں سے حملے کرتے رہتے ہیں۔ایران یمن میں حوثی جنگجوؤں کو ہتھیار،ڈرونز اور دوسرے فوجی آلات مہیا کررہا ہے اور انھیں عسکری تربیت بھی دے رہا ہے۔

سعودی عرب کے فضائی دفاع نظام نے سوموار کوحوثی ملیشیا کے جنوبی شہرجازان کی جانب چھوڑے گئے ایک بیلسٹک میزائل کو بھی فضا میں تباہ کردیا تھا۔عرب اتحاد نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اس کی فضائی دفاعی فورسز نے حوثی ملیشیا کے بیلسٹک میزائل سے حملے کو ناکام بنا دیا ہے۔