امازون کمپنی کا ٹاورعراق میں تاریخی مینار کے ڈیزائن کا چربہ
امریکا میںArlington کاؤنٹی بورڈ نے کل ہفتے کے روز ریاست ورجینیا کے شمال میں امازون کمپنی کے دوسرے صدر دفتر کے لیے منفرد ڈیزائن کے ٹاور کے منصوبے کی منظوری دے دی۔ یہ ٹاور پیچ دار ہو گا اور اس کے ڈیزائن کا منصوبہ امازون کمپنی نے رواں سال فروری میں پیش کیا تھا۔
امازون کمپنی نے اپنی درخواست میں مذکورہ ٹاور کو اپنی نوعیت کا منفرد قرار دیا تھا۔ تاہم ایسا نہیں ہے کیوں کہ اس ٹاور کا ڈیزائن عراق میں سامراء میں تاریخی مسجد کے مینار (الملویة) کے ڈیزائن سے لیا گیا ہے۔ یہ مینار 52 میٹر بلند ہے جس کو عباسی خلیفہ المتوکل باللہ نے سامراء شہر میں 851ء میں تعمیر کی گئی مسجد "الجامع" کے لیے بنوایا تھا۔ امازون کے ٹاور کی بلندی 106 میٹر ہو گی۔
امازون کے دوسرے صدر دفتر کی عمارت کی تعمیر 2025ء میں مکمل ہونا متوقع ہے۔ اس پر 2.5 ارب ڈالر لاگت آئے گی۔ اس صدر دفتر میں 25 ہزار ملازمین اور کارکنان بھرتی ہوں گے۔
امازون نے اس عمارت کی تعارفی وڈیو میں بتایا ہے کہ یہ لوگوں کے فطرت کے ساتھ رابطے میں معاون ثابت ہو گی۔
جہاں تک عراق میں "الملویہ" کا تعلق ہے تو اسے فن تعمیر کے ماہر "دلیل بن یعقوب" نے ڈیزائن کیا تھا۔ اس نے عباسی خلفاء کے لیے کئی محلوں کو ڈیزائن کیا۔
کہا جاتا ہے کہ عباسی دور میں لوگ نماز کے اوقات کے تعین کے لیے مؤذن کی اذان کی آواز سے زیادہ اس کی رؤیت پر اعتماد کرتے تھے۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ دور مسافتوں تک اذان کی آواز نہیں پہنچ پاتی تھی۔