عرب اتحاد نے جمعرات کو 163 حوثی قیدیوں کو رہا کرنے کا اعلان کیا ہے۔حوثی ملیشیا کے ان تمام جنگجوؤں نے یمن سے سعودی عرب کے خلاف جنگی کارروائیوں میں حصہ لیا تھا۔
سعودی عرب کی سرکاری پریس ایجنسی (ایس پی اے) نے جمعرات کو خبردی ہے کہ عرب اتحاد نے ’’انسانی اقدام‘‘ کے حصے کے طور پران حوثی قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ کیا ہے۔
اتحاد کے ترجمان بریگیڈیئرجنرل ترکی المالکی نے کہا کہ یہ اقدام سابقہ انسانی اقدامات کے تناظرمیں کیا جارہاہے اور اس کا مقصد یمن میں بحران کے خاتمے اور امن کے حصول کی کوششوں کی حمایت ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ اس کا مقصد2 اپریل سے نافذالعمل جنگ بندی کو برقرار رکھنے کے لیے اقوام متحدہ کی کوششوں کو مزید مؤثربنانا، یمنی فریقوں کے درمیان بات چیت کے لیے سازگارماحول پیداکرنا اور مسلمانوں کی اقدار اور بین الاقوامی اصولوں کے مطابق قیدیوں کی رہائی اورزیرحراست افراد کے مسئلے کے حل کو حتمی شکل دینا ہے۔
ترکی المالکی نے بتایا کہ عرب اتحاد بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی کے ساتھ مل کر تمام 163 قیدیوں کو صنعاء منتقل کرنے کے طریق کارکو حتمی شکل دے رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ مملکت سیاسی اور فوجی حاصلات اور جمع وتفریق سے ماورا محض انسانی بنیادوں پر قیدیوں اور گرفتار افرادکے معاملے کو حل کرنے اور حتمی شکل دینے کی خواہاں ہے۔
یمن میں اقوام متحدہ کی ثالثی میں مسلمانوں کے مقدس ماہ رمضان کے آغاز سے جنگ بندی جاری ہے اور اس مرتبہ اس کی بہت کم خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئی ہیں جس سے جنگ زدہ یمن میں قیام امن کے لیے امید کی ایک جھلک نظرآ رہی ہے۔