سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جدہ کے شاہ فیصل خصوصی اسپتال میں بڑی آنت کی کولونوسکوپی کی گئی ہے اور اس کا نتیجہ ٹھیک رہا ہے۔
سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے نے اتوار کے روزخبردی ہے کہ ڈاکٹروں نے شاہ سلمان کو کچھ وقت کے لیے اسپتال ہی میں رہنے اور آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
کولونوسکوپی بڑی آنت (کولون) اوراس کے آخری اور تیسرے حصے میں مسائل کی تحقیقات کے لیے ایک ٹیسٹ ہے اور اس کو آنتوں کے کینسر کی اسکریننگ کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
اس سے قبل شاہی دیوان نے خبردی تھی کہ شاہ سلمان کو طبی ٹیسٹ کروانے کے لیے جدہ میں اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
86سالہ شاہ سلمان نے جولائی 2020 میں اپنے پتے کو نکلوانے کے لیے سرجری کروائی تھی۔انھیں پتے میں سوزش کے بعد اسپتال میں داخل کیا گیا تھا اوران کاپتا لیپرواسکوپی کے ذریعے نکالا گیا تھا۔جراحی کے اس عمل میں بالعموم چھوٹےکیمرے استعمال کیے جاتے ہیں اور یہ عمل مریض کے لیے کوئی زیادہ تکلیف دہ نہیں ہوتا۔اس سال مارچ میں ڈاکٹروں نے ان کے دل کے پیس میکر کی بیٹری تبدیل کی تھی۔