پرسکون نیند کے لیے بہترین درجہ حرارت کیا ہے: ماہرین نے بتا دیا
کمرے کا درجہ حرارت جسم کے درجہ حرارت سے کم ہونا چاہیے، 16 سے 19 سینٹی گریڈ مثالی سمجھا جاتا
اگر آپ ایک تھکا دینے والے اور مشکل دن کے بعد پرسکون نیند سونا چاہتے ہیں تو آپ کو سونے کے لیے کمرے کا مناسب درجہ حرارت برقرار رکھنا ہوگا۔ کیونکہ درجہ حرارت نیند کے معیار پر اثر انداز ہونے والے اہم ترین عوامل میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔
میگزین "وولگ" کے مطابق ذیل میں ایک ماہر کی جانب سے اہم مشورے دیے گئے ہیں جن کے بارے میں انسان کو نیند کے لیے بہترین ماحول تیار کرنے کے لیے جاننا ضروری ہے۔
جسم کے درجہ حرارت سے کم
چنانچہ نیند کی محقق کرسٹین بلوم نے وضاحت کی کہ عمومی طور پر سونے کے کمرے میں کم درجہ حرارت کی سفارش کی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شام کے وقت جسم کا درجہ حرارت قدرتی طور پر کم ہو جاتا ہے۔ اس لیے ٹھنڈا ماحول گرمی خارج کرنے میں صرف ہونے والی توانائی کو کم کرنے میں مدد کرتا ہے۔
بلوم نے مزید کہا کہ کمرے کا درجہ حرارت جسم کے درجہ حرارت سے کم ہونا چاہیے۔ اسی وجہ سے بہت سے لوگ تھوڑے ٹھنڈے کمروں میں بہتر سوتے ہیں اور ان کی نیند برقرار رہتی ہے۔ کلیولینڈ کلینک کے مطابق 16 سے 19 سینٹی گریڈ کے درمیان کا درجہ حرارت مثالی سمجھا جاتا ہے۔
خون کی رگیں
تاہم بلوم کے مطابق ایک استثنا موجود ہے کیونکہ جسم کی گرمی کا اخراج بنیادی طور پر ہاتھوں اور پیروں میں موجود خون کی باریک رگوں کے نیٹ ورک کے ذریعے ہوتا ہے جو جلد کی سطح کے بہت قریب ہوتی ہیں۔ شام کے وقت یہ خون کی رگیں پھیل جاتی ہیں جس سے گرمی آسانی سے خارج ہو پاتی ہے۔ جب پاؤں ٹھنڈے ہوں تو گرمی کے اخراج کا عمل مؤثر طریقے سے نہیں ہو پاتا۔ اس کی وجہ سے جسم بتدریج نیند کی حالت میں جانے کے بجائے متحرک رہتا ہے۔ یہ اس بات کی بھی وضاحت کرتا ہے کہ جب کمرے کا درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم ہو تو سونا کیوں مشکل ہوتا ہے۔ کیونکہ جسم اندرونی درجہ حرارت کو برقرار رکھنے کی کوشش میں دباؤ کا شکار ہوتا ہے۔
اس کے علاوہ کچھ ایسی حکمت عملیاں بھی ہیں جو بہتر نیند میں مدد کرتی ہیں۔ ان حکمت عملیوں کے تحت انسان گدے کے معیار پر توجہ دیتا ہے۔ اسی طرح بستر کی چادر یا کمبل بھی نیند پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔ بلوم کے مطابق کہ کسی حد تک بستر کی چادر یا کمبل کے انسولیشن (گرمی روکنے کی صلاحیت) کے ذریعے درجہ حرارت کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے لیکن ایسے بستر کے کپڑے استعمال کرنا فائدہ مند ہے جن کا وزن سال کے موسموں کے لحاظ سے مناسب ہو۔