بیجنگ کی وزارت خارجہ اور کریملن نے جمعہ کو بتایا کہ روس کے وزیر اعظم میخائل میشوسٹن 23 سے 24 مئی تک چین کا دورہ کریں گے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بِن نے ایک بیان میں کہا کہ ریاستی کونسل کے وزیر اعظم لی کیانگ کی دعوت پر روسی فیڈریشن کے وزیر اعظم میشوسٹن 23 سے 24 مئی تک چین کا سرکاری دورہ کریں گے۔
اس دورے کی تصدیق کرتے ہوئے کریملن نے کہا ہے کہ تجارتی اور اقتصادی شعبوں میں روس- چین تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ خاص طور پر صنعت، توانائی، ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے اور زراعت پر توجہ دی جائے گی۔ بیان میں مزید کہا گیا اس دورہ کے دوران کئی دو طرفہ معاہدوں پر دستخط کیے جانے کی توقع ہے۔
واضح رہے چین کا کہنا ہے کہ وہ یوکرین کی جنگ میں ایک غیر جانبدار فریق ہے۔ چین نے اس حملے کے لیے ماسکو کی مذمت کرنے سے انکار کردیا تھا۔ چینی ایلچی لی ہوئی نے اس ہفتے کیف کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے یوکرین کے وزیر خارجہ دیمیٹرو کولیبا اور دیگر حکام سے کہا تھا کہ اس بحران کے حل کے لیے کوئی علاج نہیں ہے۔