صدر جو بائیڈن کے بیٹے ہنٹر کا جان بوجھ کر ٹیکس ادا نہ کرنے کے جرم کا اعتراف

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

امریکی صدر جو بائیڈن کے بیٹے ہنٹر بائیڈن نے محکمہ انصاف کے ساتھ ہونے والے ایک معاہدے کے تحت جان بوجھ کر انکم ٹیکس ادا نہ کرنے کے دو الزامات کا اعتراف کر لیا ہے۔

ہنٹر بائیڈن کے خلاف وفاقی الزامات ڈیموکریٹک صدر کی آبائی ریاست ڈیلاویئر میں امریکی اٹارنی ڈیوڈ ویس کی تحقیقات کے نتیجے میں سامنے آئے ہیں۔انھیں ری پبلکن پارٹی کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حریف صدر کے بیٹے کے خلاف تحقیقات کے لیے مقرر کیا تھا۔

اس سمجھوتے کے مطابق، ہنٹر بائیڈن نے آتشیں اسلحہ کے ایک جرم پر مقدمے کی سماعت سے پہلے سمجھوتابھی کیا ہے۔ تریپن سالہ ہنٹر بائیڈن برسوں سے ٹرمپ اور ان کے ری پبلکن اتحادیوں کی جانب سے مسلسل حملوں کا مرکز رہے ہیں۔انھوں نے چھوٹے بائیڈن پر یوکرین اور چین سمیت دیگر معاملات سے متعلق غلط کاموں کا الزام عاید کیا ہے۔ ہنٹر بائیڈن ایک لابیسٹ، وکیل، سرمایہ کاری بینکر اور آرٹسٹ کے طور پر کام کر چکے ہیں۔انھوں نے منشیات کے استعمال سے نمٹنے میں اپنی تگ ودو کو عوامی سطح پر تفصیل سے بیان کیا ہے۔

ہنٹر بائیڈن نے دسمبر 2020 میں انکشاف کیا تھا کہ ویس کا دفتر ان کے ٹیکس معاملات کی تحقیقات کر رہا ہے۔ تب انھوں نے کسی بھی غلط کام سے انکار کیا تھا۔ انھوں نے 2021 کی ایک یادداشت میں اپنی زندگی میں منشیات کے استعمال کے مسائل بشمول کوکین کے استعمال اور شراب نوشی کے بارے میں بتایا ہے۔ اس وقت ذرائع نے بتایا تھا کہ کوکین کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انھیں 2014 میں امریکی بحریہ کے ریزرو سے فارغ کر دیا گیا تھا۔

ذرائع نے رائٹرز کو بتایا کہ ویس انکوائری نے ابتدائی طور پر غیر ملکی کاروباری لین دین میں ٹیکس اور منی لانڈرنگ قوانین کی ممکنہ خلاف ورزیوں کا جائزہ لیا، خاص طور پر چین میں ان کی مالی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔ امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ویس کی سربراہی میں تحقیقات کا آغاز 2018 کے اوائل میں ہوا تھا۔

2022ء میں ری پبلکن پارٹی کے کانگریس کے ایک سینئر رکن جیمز کومر نے امریکی محکمہ خزانہ پر الزام عاید کیا تھا کہ وہ ہنٹر بائیڈن کے کاروباری لین دین کو بچانے کے لیے 'مشکوک مالی سرگرمیوں کی رپورٹس' کو روک رہا ہے۔

صدر کے دو بچے ہنٹر بائیڈن اور بیٹی ایشلے بائیڈن ہیں۔ ان کے ایک بیٹے بیو بائیڈن 2015 میں کینسر کی وجہ سے چل بسے تھے اور ان کی ایک بیٹی ناؤمی بائیڈن کار حادثے کے بعد بچپن میں ہی وفات پا گئی تھیں۔اس حادثے میں جو بائیڈن کی پہلی بیوی بھی ہلاک ہو گئی تھیں۔

یونیورسٹی آف ٹینیسی میں صدارتی تاریخ کے ماہر آرون کرافورڈ کے مطابق ہنٹر بائیڈن کسی برسراقتدار صدر کے پہلے بچّے ہیں جن پر فرد جرم عاید کی گئی ہے۔کرافورڈ کا کہنا تھا کہ کئی سابق صدور کے خاندان مالیاتی اسکینڈلوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔ان میں جارج ایچ ڈبلیو بش کے بیٹے نیل نے ناکام بچت اور قرض کی ہدایت کی تھی، اور رچرڈ نکسن کے بھائی ڈان کو امیر کاروباری ہاورڈ ہیوز نے کاروباری ناکامیوں سے بچایا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں