سعودی موسیقاروں کو دنیا میں متعارف کروانے کے لیے"موجہ" پروگرام کا آغاز
اس پروگرام کا مقصد شعبہ موسیقی سے وابستہ افراد کو بااختیار بنانا اور ابھرتی ہوئی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد فراہم کرنا ہے
سعودی میوزک اتھارٹی نے ملک میں موسیقی سے وابستہ افراد کو بااختیار بنانے، ابھرتے ہوئے گلوکاروں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں بین الاقوامی سطح پر متعارف کروانے کے لیے "موجہ" پروگرام کا آغاز کیا ہے۔
"یہ آپ کا وقت ہے" کے نعرے کے تحت "انغامی" پلیٹ فارم کے تعاون سے شروع کئے گیے اس پروگرام میں موسیقی کے شعبے کو فروغ دینے اور مقامی ہنر مندوں کی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔
"موجہ" پروگرام موسیقی کے طالبعلموں اور ابھرتے ہوئے فنکاروں کے لیے شعبے کے ماہرین کی زیر نگرانی ورکشاپس کا ایک سلسلہ پیش کرتا ہے۔ جس میں انہیں موسیقی کی دنیا میں اپنے کیریئر کا آغاز کرنے کے لیے 100 کے قریب بنیادی مہارتیں فراہم کی جائیں گی۔
اس بارے میں بات کرتے ہوئے میوزک اتھارٹی کے سی ای او، پال پیسیفیکن نے کہا کہ "موجہ" ایک ایسا اقدام ہے جو موسیقی کے نئے ٹیلنٹ کو دنیا کے سامنے اپنے منفرد فن کو دکھانے کے قابل بناتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام موسیقی میں جدت طرازی اور تخلیقی تجربات کے مرکز کے طور پر کام کرے گا اور ہونہار ہنرمندوں کو موسیقی کے میدان میں اپنا کیریئر شروع کرنے کے لیے کوچنگ، رہنمائی اور مشاورت فراہم کرے گا۔