سعودی عرب، مصر، کویت اور امریکہ سمیت کئی ممالک نے بلوچستان کے ضلع مستونگ اور خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو کے علاقے دوآبہ میں کیے گئے خودکش حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
بلوچستان میں مستونگ دھماکے میں 52 افراد کی ہلاکت کا تین روزہ سوگ منایا جا رہا ہے۔ اور سرکاری عمارتوں پر پرچم سرنگوں ہے۔
دوسری جانب امریکہ، سعودی عرب اور کویت نے پاکستان میں کیے گئے دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ نے متاثرہ پاکستانی خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’تمام شہری بلاخوف وخطر اپنے عقیدوں پر عمل کے مستحق ہیں۔ اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔‘
سعودی عرب نے دہشت گرد حملوں کے خلاف مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’اس واقعے پر پاکستان اور اس کے برادر عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘
کویت کی وزارت خارجہ کے بیان میں پاکستان میں دہشت گرد حملوں میں جانی و مالی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ ’کویت بے گناہ لوگوں کے خلاف تشدد کی سخت مذمت کرتا ہے۔‘
مصر کی وزارت خارجہ نے بھی اپنے ایک بیان میں پاکستان میں عیدمیلاالنبیﷺ کے موقع پر دہشت گرد حملوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے غم زدہ خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
دریں اثنا مستونگ خودکش حملے کا مقدمہ کوئٹہ کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پولیس سٹیشن میں نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف درج کیا گیا۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق تحقیقات جاری ہیں اور ابھی کوئی گرفتاری نہیں کی گئی۔
پولیس کے مطابق خودکش حملہ آور کے جسم کے نمونے شناخت کے لیے فرانزک لیب بھیجے گئے ہیں۔