قاھرہ: رشی سونک کی محمود عباس کو غزہ میں امداد کے داخلے کی یقین دہانی
سونک نے فلسطینی صدر سے غزہ میں شہریوں کی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار بھی کیا
برطانوی وزیر اعظم رشی سونک نے جمعہ کو قاہرہ میں فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کی اور حماس اور اسرائیل کو لڑائی کے دوران شہری ہلاکتوں سے بچنے کے لیے امداد کو داخلے کی اجازت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات کے بعد سونک کے دفتر نے ایک بیان میں کہا کہ وزیراعظم نے غزہ میں شہریوں کی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ تمام فریقوں کو شہریوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کرنے چاہییں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ سونک نے حماس کی دہشت گردی کی مذمت کی اور اس بات پر زور دیا کہ حماس فلسطینی عوام کی نمائندگی نہیں کرتی۔ برطانوی وزیر اعظم نے غزہ کو انسانی امداد فراہم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
جمعہ کے روز مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے غزہ سے سینا کی طرف شہریوں کی نقل مکانی کے خلاف خبردار کیا اور اس نقل مکانی کو فلسطین کے مسئلے پر پردہ ڈالنے کے مترادف قرار دیا۔
السیسی نے برطانوی وزیر اعظم سونک کے ساتھ ملاقات کے دوران کہا کہ خطے کو ایک علاقائی جنگ کی طرف پھسلنے سے بچانے کے لیے تعاون کی ضرورت ہے۔