پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد سے دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں سات دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سات دہشت گردوں کے ایک گروپ نے پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش کی، سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرکے تمام دہشت گردوں کو گھیر لیا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد ساتوں دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے مزید بتایا کہ پاکستان مستقل طور پر افغان حکومت سے کہتا ا ٓرہا ہے کہ وہ مؤثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے، توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ سکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔