آنے والے دنوں میں دنیا بھر کے کچھ علاقوں میں ایک ساتھ جزوی چاند گرہن اور سپرمون کا نظارہ دیکھنے میں آئے گا۔
چاند کے یہ نظارے پورے شمالی اور جنوبی امریکہ میں منگل کی رات اور افریقہ اور یورپ میں بدھ کی صبح نظر آئیں گے۔
ایک جزوی چاند گرہن اس وقت ہوتا ہے جب زمین سورج اور چاند کے درمیان سے گذرتی ہے، چاند کے ایک حصے پر اپنا سایہ ڈالتی ہے، اس سے ایسا ظاہر ہوتا ہے جیسے اس نے اپنا کچھ حصہ کاٹ دیا ہے۔
ایک ہی وقت میں چاند معمول سے زیادہ زمین کے قریب ہو گا۔ آسمان میں قدرے بڑا دکھائی دے گا اور ایک "دیوہیکل چاند" کے طور پر نمودار ہو گا۔ خیال رہے کہ اس سال ’سپرمون‘ کا نظارہ تین بار کیا جاسکےگا۔
اس حوالے سے نیویارک یونیورسٹی کے ماہر فلکیات والیری رابسن نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو وضاحت کی "چاند تھوڑا مدھم ہو جائے گا، کیونکہ تھوڑی سی سورج کی روشنی روک دی جائے گی"۔
دوسرا اور آخری چاند گرہن
امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے ’ناسا‘ کے مطابق زمین، چاند اور سورج سال میں چار سے سات بار سورج گرہن یا چاند گرہن کے واقعات سے گذرتے ہیں۔
یہ چاند گرہن گذشتہ مارچ میں ہونے والے ایک چھوٹے گرہن کے بعد سال کا دوسرا اور آخری تصور کیا جائے گا۔
گذشتہ اپریل میں مکمل سورج گرہن نے شمالی امریکہ کے بہت سے شہروں کو تاریکی میں ڈبو دیا تھا۔