الجزائر میں ایک اندوہ ناک واقعے میں ایک نوجوان نے ٹریفک پولیس کی جانب سے اس کے کام میں زیر استعمال موٹر سائیکل ضبط کرنے پر خود کو آگ لگا لی۔ اس نوجوان نے ٹریفک کی خلاف ورزی کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ (دار الحکومت الجزئر شہر سے 417 کلو میٹر مغرب میں) وہران ریاست میں پیش آیا۔ مذکورہ نوجوان نے سڑک کے بیچ گاڑیوں اور راہ گیروں کے سامنے خود کو آگ لگا لی۔
جائے وقوع پر موجود کئی افراد نے اپنے موبائل فون کے کیمروں کے ذریعے اس ہول ناک واقعے کی وڈیو بنا لی۔ یہ وڈیو سوشل میڈیا پر وسیع پیمانے پر وائرل ہو رہی ہے۔
اس دوران میں سیکورٹی اہل کاروں اور بعض پیدل چلنے والے شہریوں نے بھڑکی ہوئی آگ بجھا کر نوجوان کو بچانے کی کوشش کی۔
ڈلیوری بوائے
اس وڈیو نے تمام الجزائریوں کو صدمے سے دوچار کر دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق نوجوان "ڈلیوری بوائے" ہے یعنی اپنی موٹر سائیکل کے ذریعے چیزوں کی ترسیل کرتا ہے۔
نوجوان کے اس اقدامِ خود کشی پر الجزائری عوام نے سوشل میڈیا پر ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ بعض لوگوں نوجوان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کام کرنے والوں کے لیے آسانیاں پیدا کی جانی چاہئیں کیوں کہ یہ اپنی بائک دیگر لوگوں کی طرح کھیل تماشے میں استعمال نہیں کرتے ہیں۔
اس کے مقابل بعض افراد نے بے چارے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ موٹر سائیکل ضبط ہو جانے کا یہ مطلب نہیں کہ آپ کی دنیا ختم ہو گئی۔