اسرائیل کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے تحت گذشتہ روز تین اسرائیلی قیدیوں اور 5 تھائی باشندوں کو رہا کرنے کے بعد حماس نے اعلان کیا کہ وہ کل مزید ہفتے کو 3 کو رہا کرے گی۔
حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے آج جمعہ کو ٹیلی گرام پر تصدیق کی کہ عوفر کالڈرون، کیتھ سیگل اور یارڈن بیباس کو کل رہا کر دیا جائے گا۔
اسرائیل نے تصدیق کی کہ اسے گرفتار افراد کی فہرست موصول ہوئی ہے جنہیں تحریک کل رہا کرنے والی ہے۔
گذشتہ روز حماس نے اسرائیلی فوجی اگام بیرگر کو غزہ کے شمال میں جبالیہ میں ریڈ کراس کے حوالے کیا تھا۔
افراتفری اور بھگدڑ
دریں اثنا اسرائیلی قیدی گادی موزیز جس کی عمر 80 سال سے زائد کو انتیس سالہ اربیل یہود کے ساتھ جنوبی غزہ کی پٹی کے خان یونس میں ریڈ کراس ٹیموں کے حوالے کیا گیا۔
تاہم ان دونوں قیدیوں کی حوالگی میں زبردست افراتفری دیکھنے میں آئی، کیونکہ سینکڑوں لوگ ریڈ کراس کی گاڑیوں کے قریب جمع ہو گئے، جس کی وجہ سے قیدیوں کی حوالگی میں تاخیر ہوئی، اور بعد میں اسرائیل نے فلسطینی قیدیوں کی رہائی کئی گھنٹے تک معطل کردی تھی۔
اب تک 10 اسرائیلی اور پانچ تھائی باشندے حماس اور اسرائیل کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے تحت 300 سے زائد فلسطینیوں کے بدلے رہا کیے جا چکے ہیں۔