برطانوی وزیرِ توانائی ایڈ ملی بینڈ نے لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر آتش زدگی کو "تباہ کن" قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاور سب سٹیشن میں ایئرپورٹ کا بیک اپ پاور جنریٹر بھی آگ کی لپیٹ میں آ گیا۔
یورپ کا مصروف ترین ہیتھرو ایئرپورٹ جہاں سے جمعہ کو 290,000 مسافروں کو پرواز کرنا تھی، گذشتہ رات کی آتش زدگی کے باعث آدھی رات تک بند رہے گا۔
ملی بینڈ نے جمعہ کو سکائی نیوز کو بتایا، "بیک اپ میکانزم موجود ہیں لیکن آگ کے وسیع پیمانے کے پیشِ نظر ایسا لگتا ہے کہ بیک اپ میکانزم بھی متأثر ہوا ہے۔ ایک بیک اپ جنریٹر تھا لیکن وہ بھی آگ سے متأثر ہوا جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ حادثہ کتنا غیر معمولی اور بے مثال تھا۔"
انہوں نے کہا، نیشنل گرڈ ایک اور بیک اپ سسٹم کا استعمال کرتے ہوئے بجلی کی بحالی کے لیے کام کر رہا ہے۔ حکومت یہ سمجھنے کی کوشش کرے گی کہ آگ کس وجہ سے لگی اور کیا مستقبل میں برطانیہ کے انفراسٹرکچر کے لیے اس سے کوئی سبق سیکھا جا سکتا ہے۔