ترکیہ کے شہر ازمیر میں ایک ہولناک جرم میڈیا اور سوشل میڈیا کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایک ترک شخص نے جمعہ کے روز اپنی سابق منگیتر اور اس کی والدہ کو گولی مار نے کےبعد خود کو گولی مار کر خود کشی کرلی۔
ترک میڈیا کےمطابق یہ مجرمانہ واردات جمعہ کی شام مقامی وقت کے مطابق 5:30 بجے ازمیر میں پیش آئی۔ نجات یورگون نے شہر کی ایک مرکزی سڑک کے بیچ میں اپنی 39 سالہ سابق منگیتر اور اس کی والدہ کو گولی مار دی۔ اس کی سابق منگیتر سیلن ساکن کی فوری طور پر موت واقع ہوگئی جب کہ اس کی والدہ مدینہ سرپل کینک ایک ہسپتال میں انتہائی نگہداشت میں ہیں۔
یارگون نے اپنی منگیتر اور اس کی ماں کے زمین پر گرنے کے بعد خود کو گولی مار لی۔ علاج کے باوجود طبی ٹیمیں اس کی جان بچانے میں ناکام رہیں اور وہ بھی دم توڑ گیا۔
اپنی منگیتر اور اس کی والدہ کو گولی مارنے والے قاتل کے محرکات ابھی تک نامعلوم ہیں۔ تاہم پولیس اس جرم کی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔
حقوق نسواں کی تنظیمیں خاص طور پر اسٹاپ فیمیسائیڈ پلیٹ فارم نےترک حکام سے خواتین کے قتل کے واقعات کی روک تھام پر زور دیا ہے۔