ٹرمپ تمام شعبوں میں سعودی عرب کو بنیادی شریک کے طور پر دیکھتے ہیں: وزارت خارجہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات کے بعد، امریکی وزارت خارجہ کے علاقائی ترجمان سیموئل وربرگ نے آج منگل کے روز کہا کہ صدر ٹرمپ سعودی عرب کو دفاع، سلامتی، سیاست، معیشت، ثقافت اور دیگر شعبوں میں ایک بنیادی اور اہم شراکت دار کے طور پر دیکھتے ہیں۔ اُنھوں نے اس دن کو "تاریخی" قرار دیا۔

وربرگ نے "العربیہ/الحدث" سے گفتگو میں مزید کہا کہ واشنگٹن اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ سعودی عرب، امریکا کے ساتھ کسی بھی فوجی مشق یا مشترکہ دفاع میں شریک ہو سکتا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ امریکا چاہتا ہے کہ سعودی عرب امریکی ٹیکنالوجی سے بھرپور فائدہ اٹھائے، جن میں پُر امن جوہری توانائی کی ٹیکنالوجی بھی شامل ہے۔

•	امریکی وزارتِ خارجہ کے علاقائی ترجمان، سیموئل وربرگ ریاض میں العربیہ کو انٹرویو دیتے ہوئے – 13 مئی 2025
• امریکی وزارتِ خارجہ کے علاقائی ترجمان، سیموئل وربرگ ریاض میں العربیہ کو انٹرویو دیتے ہوئے – 13 مئی 2025

اُنھوں نے مزید کہا کہ "ہم آج اور کل اہم اعلانات اور بیانات کی توقع کر رہے ہیں جو واشنگٹن اور خلیجی تعاون کونسل کے رہنماؤں کے درمیان اقتصادی، دفاعی، سلامتی، ثقافتی اور تعلیمی شعبوں میں دوطرفہ ہم آہنگی سے متعلق ہوں گے۔"

ریاض میٹرو کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا "یہ منصوبہ نیا، خوب صورت اور شان دار ہے، اور ہمیں اس کی تعمیر میں امریکی شراکت پر فخر ہے۔"

اس سے قبل آج سعودی دار الحکومت ریاض میں قصر الیمامہ میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور امریکی صدر کے درمیان ایک اعلیٰ سطحی سربراہی اجلاس منعقد ہوا۔ یہ اجلاس امریکی صدر کے اُس تاریخی دورے کا حصہ ہے جس کے لیے وہ ان دنوں سعودی عرب میں موجود ہیں۔

سعودی ولی عہد نے منگل کی صبح امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اُن کے ہمراہ آنے والے وفد کا استقبال کیا۔

یہ ٹرمپ کی دوسری صدارتی مدت میں ان کا پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔ آٹھ برس قبل، جب وہ پہلی بار صدر منتخب ہوئے تھے، تو اُنھوں نے اسی طرح سعودی عرب کو اپنی پہلی غیر ملکی منزل کے طور پر چنا تھا ... اور اُن کا حالیہ دورہ ایک بار پھر اس بات کی تائید کرتا ہے کہ سعودی عرب، قطر اور امارات کا علاقائی جغرافیائی و سیاسی کردار مسلسل بڑھ رہا ہے، اس کے ساتھ ساتھ دونوں فریقوں کے درمیان تاریخی اور تجارتی تعلقات کی اہمیت بھی برقرار ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں