ایرانیوں سے بات چیت کے لیے نائب صدر یا مشرق وسطیٰ کے نمائندے کو بھیج سکتے ہیں: ٹرمپ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران سے بات چیت کے لیے اپنے نائب صدر جے ڈی وینس یا مشرق وسطیٰ کے لیے خصوصی ایلچی اسٹیو ویٹکوف کو تہران بھیجنے پر غور کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایران میں "تنازعے کے حقیقی خاتمے" کے خواہاں ہیں۔

کینیڈا میں جی سیون اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ "ہم ایران میں صرف جنگ بندی نہیں چاہتے، ہم اس سے بہتر نتیجہ چاہتے ہیں"۔

گروپ آف سیون کے اجلاس سے جلد واپسی کے بعد امریکی صدر نے زور دے کر کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام کا مکمل اور حتمی خاتمہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ایران جوہری ہتھیار کے بہت قریب پہنچ چکا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ اس پروگرام کو ختم کر دیا جائے۔

اس موقع پر ٹرمپ نے اسرائیلی حملوں کے حوالے سے واضح کیا کہ انہیں توقع نہیں کہ اسرائیل ایران کے خلاف اپنے حملے کم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ "میں نے کبھی نہیں کہا کہ میں ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا خواہاں ہوں"۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا روس یا شمالی کوریا ایران کو اسرائیل کے خلاف مدد فراہم کر رہے ہیں تو انہوں نے کہا کہ "ایسا کوئی اشارہ موجود نہیں۔ ایران جانتا ہے کہ اگر اس نے امریکی عوام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو امریکہ سخت ردعمل دے گا"۔

ٹرمپ نے امکان ظاہر کیا کہ ان کے مشرق وسطیٰ کے ایلچی اسٹیو ویٹکوف یا نائب صدر جے ڈی وینس ایرانی حکام سے ملاقات کے لیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "شاید یہ اس بات پر منحصر ہے کہ میری واپسی پر حالات کس طرف جاتے ہیں"۔

جی سیون اجلاس کو اچانک چھوڑنے سے متعلق سوال پر ٹرمپ نے کہا کہ "میری واپسی کا ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی سے کوئی تعلق نہیں، معاملہ اس سے کہیں بڑا ہے"۔

صدر ٹرمپ نے دوران پرواز بات کرتے ہوئے بتایا کہ فرانسیسی صدر عمانویل میکروں نے غلط طور پر کہا کہ وہ اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ بندی کی کوشش کے لیے اجلاس چھوڑ کر گئے، حالانکہ انہیں علم ہی نہیں تھا کہ وہ کیوں واپس واشنگٹن جا رہے ہیں۔

صدر کا ہیلی کاپٹر کینیڈا کی راکی پہاڑیوں میں منعقدہ اجلاس سے اڑا، جہاں سے وہ صدارتی طیارے کے ذریعے واشنگٹن روانہ ہوئے۔ ٹرمپ نے روانگی سے قبل ایرانی دارالحکومت تہران کے شہریوں کو وارننگ دی کہ وہ شہر خالی کر دیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں