پرتگالی فٹبالر ڈئیگو جوٹا سپین میں کار حادثے میں چل بسے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

انگلش کلب لیورپول اور پرتگال کی قومی ٹیم کے فٹبالر ڈئیگو جوٹا اور ان کے بھائی سپین میں کار حادثے میں ہلاک ہوگئے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پولیس نے حادثے کے حوالے سے معلومات فراہم کیں لیکن ابھی سرکاری سطح پر جاں بحق افراد کے ناموں کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

یہ حادثہ سپین کے شمال وسطی علاقے زمورا میں پیش آیا، جس کے علاقائی فائر ڈیپارٹمنٹ نے اپنی ویب سائٹ پر کہا کہ جمعرات کو رات گئے ایک کار حادثے کا شکار ہوئی جس میں آگ لگ گئی جبکہ جائے وقوعہ پر 28 اور 26 سالہ دو افراد مردہ پائے گئے۔

ڈئیگو جوٹا کے کلب لیورپول نے ونگر کی المناک موت کو کلب کے لیے تباہ کُن قرار دیا۔

کلب نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا، ’کلب کو مطلع کیا گیا ہے کہ 28 سالہ نوجوان سپین میں اپنے بھائی آندرے سلوا کے ہمراہ ایک ٹریفک حادثے میں انتقال کر گئے ہیں۔

’لیورپول ایف سی اس وقت مزید کوئی تبصرہ نہیں کرے گی اور ڈئیگو اور آندرے کے اہل خانہ، دوستوں، ٹیم کے ساتھیوں اور کلب کے عملے کے لیے پرائیویسی کی درخواست کرے گی کیونکہ انہوں نے ناقابل تصور نقصان کا سامنا کیا ہے‘۔

 لیورپول کے پرتگالی اسٹرائیکر #20 ڈیوگو جوٹا پیرس سینٹ جرمین کے خلاف UEFA چیمپئنز لیگ فٹ بال میچ کے موقع پر 10 مارچ 2025 کو شمال مغربی انگلینڈ کے لیورپول کے اینفیلڈ اسٹیڈیم میں ایک پریس کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں۔ (اے ایف پی)
لیورپول کے پرتگالی اسٹرائیکر #20 ڈیوگو جوٹا پیرس سینٹ جرمین کے خلاف UEFA چیمپئنز لیگ فٹ بال میچ کے موقع پر 10 مارچ 2025 کو شمال مغربی انگلینڈ کے لیورپول کے اینفیلڈ اسٹیڈیم میں ایک پریس کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں۔ (اے ایف پی)

ڈوئیگو جوٹا کی 28 جون کو شادی ہوئی تھی، وہ فٹبال بریک میں تعطیلات گزارنے کے لیے سپین میں موجود تھے۔

انہوں نے 2025ء-2024ء سیزن میں پریمیئر لیگ ٹائٹل جیتنے میں لیورپول کی مدد کی جبکہ انہوں نے ایف اے کپ بھی جیتا۔

انہوں نے پرتگال کے لیے بھی 49 میچز کھیلے جبکہ انہوں نے قومی ٹیم کے ساتھ دو یوئیفا نیشنز لیگ ٹائٹلز بھی جیتے۔

جوٹا کے 26 سالہ بھائی آندرے بھی پتگال کے لیے فٹبال کھیلتے ہیں۔ پرتگالی فٹ بال فیڈریشن نے کہا کہ جوٹا اور آندرے کی موت پر پوری پرتگال فٹبال کمیونٹی غمزدہ ہے۔

پرتگالی وزیر اعظم لوئس مونٹی نیگرو نے نوجوان فٹبالر کی موت کی خبر پر کہا کہ ’ایک کھلاڑی جس نے پرتگال کے نام کو عزت بخشی، ان کی موت غیر متوقع اور افسوسناک ہے‘۔

فٹبالر کے لیے انگلش پریمیئر لیگ کے کلبز سمیت دیگر لیگز کے کلبز اور کھلاڑیوں کی جانب سے تعزیتی پیغامات دیے جارہے ہیں جنہوں نے نوجوان کھلاڑی کی موت کو دنیائے فٹبال کا نقصان قرار دیا ہے۔

مایہ ناز پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ ،’یقین نہیں آتا، ابھی ہم قومی ٹیم میں ساتھ کھیل رہے تھے اور ابھی آپ کی شادی ہوئی تھی، ڈئیگو اور آندرے ہم آپ کو بہت یاد کریں گے، آپ کی بیوی اور بچوں سے میں تعزیت کرتا ہوں‘۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں