جنسی ہراس کے مرتکب ایپسٹین کی خاتون ساتھی کے انٹرویو کا ریکارڈ اور آڈیو ٹیپ جاری
گیلائن میکسویل ... جیفری ایپسٹین کے لیے کم عمر لڑکیوں کو ورغلانے کے جرم میں 20 سال قید کی سزا کاٹ رہی ہے
امریکی محکمہ انصاف نے گزشتہ ماہ گیلائن میکسویل کے ساتھ ہونے والے انٹرویو کی دستاویزات اور آڈیو ریکارڈنگ جاری کی ہیں۔ گیلائن ... جیفری ایپسٹین کی سابق شریک ہے جس پر نو عمر لڑکیوں کی تجارت کا الزام تھا۔ کل جمعے کے روز نائب وزیر انصاف ٹوڈ بلانش نے، جو سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وکیل رہ چکے ہیں، کہا کہ سوائے متاثرہ لڑکیوں کے ناموں کے دستاویزات میں تمام الفاظ شامل کیے گئے ہیں اور کچھ نہیں چھپایا گیا۔
ایپسٹین، جو با اثر شخصیات سے تعلق رکھنے والا ایک امیر شخص تھا، 2019 میں نیویارک کی جیل میں مردہ پایا گیا۔ حکام کے مطابق اس نے خود کشی کی، لیکن گیلائن کا کہنا ہے کہ وہ اس بات پر یقین نہیں رکھتیں۔
گیلائن میکسویل (63 سالہ) کو 2021 میں نا بالغ لڑکیوں کو ورغلانے کے جرم میں 20 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی اور حال ہی میں اسے فلوریڈا سے ٹیکساس کی کم سخت جیل منتقل کیا گیا۔
انٹرویو میں گیلائن نے کہا کہ ٹرمپ اور ایپسٹین صرف سماجی تقریبات میں "دوستانہ" رویہ رکھتے تھے، لیکن قریبی دوست نہیں تھے۔ اس کے مطابق "میں نے کبھی ٹرمپ کو کسی نامناسب صورت حال میں نہیں دیکھا، وہ ہمیشہ مہذب اور خوش اخلاق تھے۔" گیلائن نے ٹرمپ کو صدر کے طور پر "غیر معمولی کامیاب شخص" قرار دیا۔
دوسری جانب امریکی ایوان نمائندگان کی ایک کمیٹی نے ایپسٹین سے متعلق ریکارڈز طلب کیے جس پر محکمہ انصاف نے ہزاروں صفحات پر مشتمل دستاویزات فراہم کی ہیں، مگر ان کی تفصیلات عام نہیں کی گئیں۔