یوکرینی صدر زیلینسکی کا شام کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی کا اعلان
کیئف نے 2022 میں شام کے ساتھ اپنے تعلقات اس وقت منقطع کر لیے تھے،جب صدر بشار الاسد نے روسی جارحیت کے حق میں موقف اختیار کیا۔
یوکرینی صدر ولودی میر زیلینسکی نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ یوکرین اور شام نے سرکاری طور پر سفارتی تعلقات دوبارہ قائم کر لیے ہیں، یہ اعلان دونوں صدور کی اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے دوران ملاقات کے بعد کیا گیا۔
زیلینسکی نے اپنے "ایکس" اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا: "یوکرین اور شام نے آج سرکاری طور پر سفارتی تعلقات کی بحالی کے سلسلے میں ایک مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کیے ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا: "ہم اس اہم اقدام کا خیر مقدم کرتے ہیں اور اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ ہم شام کے عوام کی استحکام کی راہ میں حمایت کے لیے تیار ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا: "شام کے صدر احمد الشرع کے ساتھ مذاکرات کے دوران ہم نے تعاون کو فروغ دینے والے امید افزا شعبوں، دونوں ممالک کو درپیش سکیورٹی خطرات اور ان سے نمٹنے کی اہمیت پر تفصیل سے بات کی۔"
صدر یوکرین نے اپنی پوسٹ کے آخر میں کہا: "ہم نے اپنے تعلقات کی بنیاد باہمی احترام اور اعتماد پر رکھنے پر متفق ہونے کا اعلان کیا ہے۔"
یوکرین نے 2022 میں شام کے ساتھ اس وقت تعلقات ختم کر دیے تھے، جب روسی حمایت یافتہ سابق صدر بشار الاسد کی حکومت نے روس کے زیرِ قبضہ یوکرینی علاقوں کو "خودمختار علاقے" تسلیم کیا تھا۔