برطانیہ کی میری ٹائم سیکیورٹی کمپنی ایمبری نے پیر کے روز اطلاع دی ہے کہ ہالینڈ کے پرچم والا ایک بحری کارگو جہاز یمن کے بندرگاہی شہر عدن سے 120 سمندری میل دور جنوب مشرق میں ایک حملے کی زد میں آیا ہے۔ اس واقعے کی برطانوی ادارے 'یونائٹیڈ کنگڈم ٹریڈ آپریشنز' نے بھی تصدیق کی ہے اور کہا ہے فوجی حکام کے مطابق عدن سے 128 سمندری میل دور اس جہاز پر راکٹ داغے گئے ہیں جس سے آگ بھڑک اٹھی۔
برطانوی ادارے 'یو کے ایم ٹی او' اور ایمبری نے ان خبروں کے موصول ہونے کی بھی تصدیق کی ہے کہ جہاز کے آس پاس سے دھواں اٹھتا ہوا نظر آیا ہے۔ حملے کے وقت اس جہاز کا خودکار شناخت کرنے والا نظام آپریشنل حالت میں نہیں تھا۔
اس جہاز کو 23 ستمبر کو جبوتی کے راستے میں حملے کا نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔ 'یو کے ایم ٹی او' کا کہنا ہے کہ 23 ستمبر کو بھی دھماکے کی آوازیں سنی گئیں اور دھواں اٹھتا ہوا دیکھا گیا تھا۔ تاہم ایمبری اور 'یو کے ایم ٹی او' دونوں نے ابھی تک کسی پر بھی اس حملے کی ذمہ داری نہیں ڈالی ہے۔
یاد رہے جب سے اسرائیل نے غزہ میں جنگ شروع کی ہے تو اس کے اگلے ماہ سے یمنی حوثیوں نے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے اسرائیلی بحری جہازوں کے علاوہ اسرائیل کے اتحادیوں کے جہازوں کو بحیرہ احمر میں نشانہ بنانے کا اعلان کر رکھا ہے اور اب تک بیسیوں بار جہازوں کو نشانہ بنانے کے لیے میزائل اور راکٹ داغے جاچکے ہیں۔