حماس چار مزید قیدیوں کی لاشیں حوالے کرنے کی تیاری کر رہی ہے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

فلسطینی تنظیم حماس نے ثالثوں کو اطلاع دی ہے کہ وہ آج (بدھ کو) مزید چار اسرائیلی قیدیوں کی لاشیں حوالے کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ یہ بات ٹائمز آف اسرائیل اخبار نے ایک سفارت کار اور ایک دوسرے با خبر ذریعے کے حوالے سے بتائی۔

یوں اسرائیل کو اب تک سونپی جانے والی قیدیوں کی لاشوں کی کل تعداد بارہ ہو جائے گی۔

جنگ بندی کے معاہدے کے تحت حماس پر لازم ہے کہ وہ مجموعی طور پر 28 لاشیں حوالے کرے۔ منگل کو چار لاشیں دینے کے بعد اب بھی بیس لاشیں حماس کے قبضے میں ہیں۔

حماس کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی میں دو سال طویل جنگ کے بعد ملبے کے ڈھیروں میں سے باقی ماندہ لاشیں تلاش کرنا مشکل ثابت ہو رہا ہے۔

ادھر اسرائیلی میڈیا رپورٹوں کے مطابق اسرائیل سمجھتا ہے کہ یہ حماس کا وقت گزارنے کا حربہ ہے، اسی لیے وہ غزہ میں امداد کی فراہمی پر پابندیاں سخت کرنے اور مصر کے ساتھ رفح کی سرحد کو بند رکھنے کی کوشش کر رہا ہے، یہاں تک کہ تمام قیدیوں کی لاشیں اسے واپس مل جائیں۔

ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق ایسے تابوت تل ابیب کے فرانزک میڈیکل سینٹر پہنچائے گئے ہیں جن میں غالباً ان چار قیدیوں کی باقیات موجود ہیں، اور ان کی شناخت کا عمل دو دن تک جاری رہ سکتا ہے۔

اسرائیلی فوج نے بتایا کہ حماس نے منگل کی شام یہ لاشیں بین الاقوامی کمیٹی برائے ریڈ کراس کے حوالے کیں، تاہم لاشوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

یاد رہے کہ حماس نے پیر کے روز آخری بیس زندہ قیدیوں کو رہا کر کے ریڈ کراس کے حوالے کیا تھا، جو بعد ازاں 738 دن قید میں رہنے کے بعد اسرائیل واپس پہنچے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں