جیف بیزوس کی دولت میں 24 ارب ڈالر کا اضافہ ... مصنوعی ذہانت بنی کامیابی کا راز !
مجموعی دولت 259.4 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ، دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص کی پوزیشن برقرار
ایمازون کے بانی جیف بیزوس کی مجموعی دولت تقریباً 24 ارب ڈالر بڑھ گئی، جب کمپنی کے حصص اپنی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔ یہ اضافہ توقعات سے کہیں بہتر مالی نتائج اور مصنوعی ذہانت سے متعلق مصنوعات و خدمات کی مضبوط طلب کے باعث ہوا۔
ایمازون کے حصص کی قیمت 11.5 فی صد اضافے کے ساتھ 248.6 ڈالر تک جا پہنچی۔ یہ اپریل کے بعد روزانہ کے سودوں میں سب سے بڑی چھلانگوں میں سے ہے۔ اپریل میں بھی حصص کی قیمت 12 فی صد بڑھی تھی۔ اس سے قبل جمعرات کے روز حصص کی قیمت میں 3.2 فی صد کی کمی دیکھی گئی تھی۔
کمپنی نے 180.2 ارب ڈالر کی آمدنی اور فی شیئر 1.95 ڈالر منافع کا اعلان کیا، جو توقعات سے کہیں زیادہ تھا۔ ماہرین نے آمدنی 177.9 ارب ڈالر اور فی شیئر منافع 1.57 ڈالر رہنے کی پیش گوئی کی تھی۔ یہ تفصیلات فیکٹ سیٹ کے اعداد و شمار پر مبنی "فوربز" کے حوالے سے "العربية بزنس" نے شائع کیں۔
ایمازون کے سی ای او اینڈی جیسی نے شان دار نتائج کی وجہ ایمازون ویب سروسز (AWS) کی 20 فی صد سالانہ بڑھوتی اور مصنوعی ذہانت سے متعلق مصنوعات کی مانگ میں اضافے کو قرار دیا۔ کمپنی نے رواں ہفتے 11 ارب ڈالر مالیت کا ایک نیا ڈیٹا سینٹر شروع کیا ہے جو کمپنی Anthropic کے مصنوعی ذہانت کے ماڈلز کی معاونت کرے گا۔
فوربز کے مطابق بیزوس جو ایمازون کے 8 فی صد حصص کے مالک ہیں، ان کی مجموعی دولت جمعے کے روز بڑھ کر 259.4 ارب ڈالر ہو گئی۔ اس کے ساتھ وہ دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص برقرار رہے۔ یہ اضافہ جمعرات کو 6.6 ارب ڈالر کی کمی کے بعد ہوا جو اس وقت حصص کی گراوٹ کے باعث آئی تھی۔
ایمازون کے حصص کی قیمت اپریل میں 161.38 ڈالر کی کم ترین سطح سے اب تک 53 فی صد بڑھ چکی ہے۔ رواں سال کے آغاز سے اب تک اس میں 12 فی صد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یہ نتائج ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب ایمازون ٹکنالوجی کی دیگر عظیم کمپنیوں جیسے این ویڈیا، گوگل اور مائیکروسافٹ ... کی طرح مصنوعی ذہانت اور کلاؤڈ انفراسٹرکچر میں اپنی سرمایہ کاری بڑھا رہی ہے تاکہ عالمی سطح پر بڑھتی طلب پوری کی جا سکے۔
اسی سلسلے میں کمپنی نے اس ہفتے انتظامی عملے کے 14 ہزار ارکان کو فارغ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ فیصلہ مالی بحران یا مصنوعی ذہانت سے متعلق وجوہات کی بنا پر نہیں بلکہ آپریشنز کو زیادہ مؤثر اور لچک دار بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
تجزیہ کار ادارے Pivotal Research نے ایمازون کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کمپنی کے بنیادی کاروبار کے گرد ایک مضبوط "دفاعی خندق" موجود ہے، اور اس کے پاس صحت مند قدرتی ترقی کے کئی مواقع ہیں جنہیں اس کے کلاؤڈ بزنس کے بلند منافع سہارا دے رہے ہیں۔