دو سال میں فٹبال کو الوداع کہوں گا:رونالڈو کا اعلان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

پرتگال کے مایہ ناز فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے اعلان کیا کہ 2026ء کا فٹبال ورلڈ کپ ان کے کیریئر کا آخری عالمی ٹورنامنٹ ہوگا اور وہ ایک یا دو سال کے اندر مکمل طور پر فٹبال سے ریٹائرمنٹ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ریاض میں عالمی سیاحت و سرمایہ کاری کانفرنس میں گفتگو

رونالڈو نے ریاض میں منعقد ہونے والی عالمی سیاحت اور سرمایہ کاری کانفرنس میں ویڈیو کال کے ذریعے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ "میرے لیے ‘جلد’ کا مطلب دس سال نہیں ہے، نہیں، میں مذاق کر رہا ہوں۔ میں اس وقت کا بھرپور لطف لے رہا ہوں۔ فٹبال میں جب آپ ایک خاص عمر کو پہنچتے ہیں تو مہینے بہت تیزی سے گذرتے ہیں۔ میں خود کو بہترین فٹ محسوس کر رہا ہوں، گول کر رہا ہوں اور اب بھی خود کو تیز اور توانا سمجھتا ہوں۔ قومی ٹیم کے ساتھ کھیلنے سے لطف آ رہا ہے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ ‘جلد’ سے مراد ایک یا دو سال ہیں"۔

سنہ2026 ورلڈ کپ ہوگا آخری سفر

انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے پرتگال 2026 ءورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کے قریب پہنچ رہا ہے، وہ تسلیم کرتے ہیں کہ امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہونے والا یہ ٹورنامنٹ ان کے کیریئر کا آخری بڑا ایونٹ ہوگا۔

رونالڈو نے مزید کہا کہ "یقیناً، یہ میرا آخری ورلڈ کپ ہوگا، کیونکہ اس وقت میری عمر 41 سال ہوگی۔ میں نے فٹبال کے لیے اپنی زندگی کے 25 سال وقف کیے ہیں۔ میں نے ہر سطح پر کھیل میں اپنی پوری کوشش کی، ریکارڈ قائم کیے، اعزازات جیتے اور میں اس سب پر بہت فخر محسوس کرتا ہوں۔ اب وقت ہے کہ لمحے کو جیا جائے اور اس سے لطف اندوز ہوا جائے"۔

بیٹے کے مستقبل کے بارے میں گفتگو

ایک سوال کے جواب میں رونالڈو نے کہا کہ انہیں یقین ہے وہ تاریخ میں ہمیشہ عظیم کھلاڑیوں میں شمار ہوں گے، تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر ان کا بیٹا، کرسٹیانو جونیئر جو پرتگال کی انڈر-16 ٹیم میں کھیلتا ہے، ان سے بہتر کھلاڑی بن جائے تو یہ ان کے لیے فخر کی بات ہوگی۔

انہوں نے کہا "انسان فطری طور پر نہیں چاہتا کہ کوئی اس سے بہتر ہو، مگر میں چاہتا ہوں کہ میرے بچے مجھ سے بہتر ہوں۔ میں کبھی حسد محسوس نہیں کروں گا۔ میں اپنے بیٹے پر دباؤ نہیں ڈالنا چاہتا۔ میری خواہش ہے کہ وہ خوش رہے، چاہے فٹبال کھیلے یا کوئی اور کھیل، بس آزاد اور مطمئن رہے۔ یہ نئی نسل ہے، ان کا سوچنے اور جینے کا انداز مختلف ہے۔ بطور والد میرا کام ہے کہ میں اس کی رہنمائی اور مدد کروں تاکہ وہ وہی بن سکے جو بننا چاہتا ہے"۔

ریکارڈ اور سفر

پرتگالی فارورڈ رونالڈو اب تک اپنے کلبوں اور قومی ٹیم کے ساتھ 950 سے زائد گول کر چکے ہیں۔ انہوں نے 2002ء میں سپورٹنگ لشبونہ سے اپنے پروفیشنل کیریئر کا آغاز کیا۔ رواں سال جون میں سعودی کلب النصر کے ساتھ اپنا معاہدہ 2027ء تک بڑھایا۔ 40 سالہ رونالڈو آئندہ سال ہونے والے ورلڈ کپ کو جیتنے کے لیے پُرعزم ہیں ۔ وہی واحد بڑا اعزاز جو اب تک ان کی کامیابیوں کی فہرست میں شامل نہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں