موبائل انٹرنیٹ کی رفتار ... سعودی عرب سمیت 5 عرب ممالک امریکہ اور چین سے آگے نکل گئے
موبائل انٹرنیٹ کی تیز ترین رفتار کے حوالے سے پہلے 10 عرب ممالک جانیے
موبائل انٹرنیٹ کی رفتار کی عالمی درجہ بندی میں متعدد عرب ممالک نے امریکہ، چین اور سنگاپور کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ یہ بات اوکلا کمپنی کے ٹول "اسپیڈ ٹیسٹ" کی ستمبر 2025 کی رپورٹ میں بتائی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں موبائل انٹرنیٹ کی اوسط ڈاؤن لوڈ اسپیڈ 93.47 میگابِٹ فی سیکنڈ اور اَپ لوڈ اسپیڈ 13.23 میگابِٹ فی سیکنڈ ریکارڈ کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب، کویت، بحرین، قطر اور متحدہ عرب امارات نے امریکہ اور چین سے زیادہ تیز موبائل انٹرنیٹ فراہم کیا۔
درجہ بندی میں امریکا 14 اور چین 15 نمبر پر رہا جبکہ سعودی عرب 9 ، بحرین 6 اور پہلے تین مقامات پر متحدہ عرب امارات، قطر اور کویت براجمان ہیں۔
متحدہ عرب امارات نے عالمی اور عرب دونوں سطحوں پر پہلی پوزیشن حاصل کی جہاں موبائل انٹرنیٹ کی اوسط ڈاؤن لوڈ رفتار 624.8 میگابِٹ فی سیکنڈ رہی۔
قطر نے عالمی اور عرب سطح پر دوسری پوزیشن حاصل کی جس کی اوسط رفتار 508.4 میگابِٹ فی سیکنڈ رہی۔
کویت 411.7 میگابِٹ فی سیکنڈ کی اوسط رفتار کے ساتھ تیسری پوزیشن پر آیا۔
بحرین عرب دنیا میں چوتھے اور عالمی سطح پر چھٹے نمبر پر ہے جہاں اوسط رفتار 227.5 میگابِٹ فی سیکنڈ رہی۔
سعودی عرب کا عرب دنیا میں پانچواں اور عالمی سطح پر نواں نمبر ہے جہاں اوسط رفتار 191.4 میگابِٹ فی سیکنڈ ریکارڈ ہوئی۔
دیگر عرب ممالک کی تفصیلات
عُمان : دنیا میں 21 اور عرب ممالک میں 6 نمبر پر ، رفتار 141 میگابِٹ فی سیکنڈ۔
تونس : دنیا میں 62 اور عرب ممالک میں 7 نمبر پر ، رفتار 65.4 میگابِٹ فی سیکنڈ۔
مراکش : دنیا میں 69 اور عرب ممالک میں 8 نمبر پر ، رفتار 59 میگابِٹ فی سیکنڈ۔
عراق : دنیا میں 71 اور عرب ممالک میں 9 نمبر پر ، رفتار 57.2 میگابِٹ فی سیکنڈ۔
اردن : دنیا میں 81 اور عرب ممالک میں 10 نمبر پر ، رفتار 48.5 میگابِٹ فی سیکنڈ۔