لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں خطرناک منظر

شہر کی سڑکوں پر چیتے کے آزادانہ گھومنے پر لوگوں میں خوف وہراس

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

لیبیا میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر گردش کرتی ایک ویڈیو نے حیرت اور خوف کی فضا پیدا کر دی ہے۔ اس ویڈیو میں دارالحکومت طرابلس کے مشرقی علاقے تاجوراء کی ایک رہائشی گلی میں ایک خونخوار چیتا آزادانہ گھومتا دکھائی دے رہا ہے۔

موبائل فون سے بنائی گئی اس فوٹیج میں چیتے کو ایک مصروف سڑک اور گنجان رہائشی علاقے کے بیچوں بیچ پرسکون انداز میں چلتے دیکھا گیا ہے۔ اس کے رویے میں کوئی جارحیت نظر نہیں آئی جس کے بعد یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ شاید وہ اپنے مالک کے گھر سے فرار ہوا ہو۔

ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین میں شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔ شہریوں نے طرابلس کے مکینوں سے محتاط رہنے کی اپیل کی اور حکام پر زور دیا کہ چیتے کو فوری طور پر قابو میں کیا جائے تاکہ کسی انسانی جان کو خطرہ لاحق نہ ہو۔ لوگوں نے گھروں میں خونخوار جانور پالنے اور انہیں رہائشی علاقوں میں گھمانے کی بڑھتی ہوئی روش پر سخت ناراضی کا اظہار کیا۔

ایک لببیائی خاتون کارکن جو آن لائن "نبض لیبیا" کے نام سے جانی جاتی ہیں، نے لکھا کہ "میں نے اسے صبح اس وقت دیکھا جب میں اپنے بچوں کو سکول چھوڑنے جا رہی تھی۔ اب وہ واپس پیدل آئیں گے"۔ انہوں نے سوال اٹھایا "مالک کے خلاف میں کہاں شکایت کروں، آخر وہ اسے لوگوں سے بھرے رہائشی علاقے میں کیسے چھوڑ سکتا ہے؟"

حامد بلعید نے لکھا "لوگ خونخوار جانور خرید کر گھروں میں پالتے ہیں پھر بھوکا چھوڑ دیتے ہیں یا باہر چھوڑ دیتے ہیں تاکہ وہ بھاگ نکلیں اور یوں شہریوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ جاتی ہیں"۔

ایک اور صارف نے سخت مؤقف اپناتے ہوئے کہا "معاملہ ہاتھ سے نکل چکا ہے۔ روز شیر یا چیتے گلیوں میں دیکھنے کو مل رہے ہیں جیسے ہم کسی شہر میں نہیں جنگل میں رہ رہے ہوں۔ ان جانوروں کی پرورش پر مکمل پابندی کا سخت قانون ہونا چاہیے"۔

ابھی تک طرابلس کی سکیورٹی یا بلدیاتی حکام کی جانب سے واقعے پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا جبکہ شہریوں کے خدشات میں اضافہ ہو رہا ہے کیونکہ رہائشی علاقوں میں خونخوار جانور پالنے پر کوئی مؤثر نگرانی موجود نہیں۔

حال ہی میں ایسے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے حالانکہ حکومتی فیصلہ گھروں، فارمز یا نجی مقامات پر خونخوار جانور رکھنے اور کسی بھی وجہ سے انہیں سڑکوں پر چھوڑنے سے صریح منع کرتا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں