اسرائیلی پولیس اور داخلہ سیکیورٹی ادارے شاباک نے ایک مشترکہ بیان میں اعلان کیا ہے کہ ایک اسرائیلی شہری کو گرفتار کیا گیا ہے جو ایرانی انٹیلی جنس کو “تصاویر اور حساس معلومات” فراہم کر رہا تھا۔ بیان کے مطابق اس شخص نے اپنی ساتھی خاتون ... جو اسرائیلی فوج میں ریزرو کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہے ... کی مدد سے فوج اور فضائیہ کے اڈوں سے متعلق معلومات حاصل کیں۔
بیان میں بتایا گیا کہ ساحلی ریجن کے مرکزی تفتیشی یونٹ ’’یامار‘‘ کے اہل کاروں نے شاباک کے تعاون سے گزشتہ اکتوبر میں 27 سالہ شمعون اَزرزر اور اس کی خاتون ساتھی کو گرفتار کیا۔ دونوں کریات یام کے رہائشی ہیں اور ان پر الزام ہے کہ وہ ایرانی خفیہ اہل کاروں سے رابطے میں تھے اور اُن کی ہدایات پر مختلف سیکیورٹی نوعیت کے کام انجام دیتے رہے۔
تحقیقات کے مطابق اَزرزر ایک سال سے زیادہ عرصے تک ایرانی انٹیلی جنس عناصر سے براہِ راست رابطے میں رہا اور اُن کے احکامات پر متعدد حساس مشن مکمل کرتا رہا۔ اس دوران اُس نے اسرائیل کے اندر اہم اور حساس مقامات کی تصاویر اور معلومات انہیں فراہم کیں۔ اُس نے یہاں تک پیشکش کی کہ وہ اسرائیلی فوجی اڈوں کے اندر سے بھی اہم معلومات مہیا کر سکتا ہے۔
تحقیقات سے یہ بھی واضح ہوا کہ اَزرزر نے اپنی ساتھی کے ساتھ تعلقات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ... جو فضائیہ کے ایک بیس میں ریزرو سروس کر رہی تھی ... فوج، فضائیہ کے اڈوں اور دیگر عسکری مقامات سے متعلق معلومات جمع کیں۔ شواہد کے مطابق اُس نے ایرانی رابطہ کار کو ایک فوجی اڈے کے اندرونی معاملات تک رسائی کی پیشکش بھی کی۔
مزید یہ کہ اَزرزر کو فراہم کی گئی معلومات کے بدلے میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے ذریعے رقم بھی منتقل کی گئی۔
تحقیقات مکمل ہونے کے بعد آج اتوار کی صبح حیفا کی مرکزی عدالت میں اَزرزر کے خلاف فردِ جرم دائر کر دی گئی۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جاسوسی کی کارروائیاں مشرقِ وسطیٰ میں سب سے زیادہ سرگرم انٹیلی جنس محاذ تصور کی جاتی ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان طویل تناؤ نے انہیں خفیہ نیٹ ورکس قائم کرنے پر آمادہ کیا ہے جن میں معلومات کا حصول، سائبر حملے اور سیکیورٹی اداروں میں رسہ کشی شامل ہے۔
گزشتہ برسوں میں دونوں فریق کئی بار ایک دوسرے کی جاسوسی کی کوششوں کو ناکام بنانے کا اعلان کر چکے ہیں، جن میں ایجنٹ بھرتی کرنے، حساس مقامات کی وڈیو یا تصاویر لینے اور عسکری و سیکیورٹی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوششیں شامل رہی ہیں۔ شاباک اور موساد کئی مواقع پر ایران سے منسلک ایسے نیٹ ورکس پکڑنے کا دعویٰ کر چکے ہیں جو اسرائیل کے اندر یا بیرونِ ملک سرگرم تھے۔
دوسری جانب ایران کا الزام ہے کہ اسرائیل اس کے اندر تخریب کاری اور ٹارگٹڈ قتل کی متعدد کارروائیوں خصوصاً حساس شخصیات اور جوہری پروگرام سے متعلق حملوں میں میں ملوث ہے. حالیہ جنگ کے بعد یہ کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
-
" مغربی ممالک ایران کے جوہری ذخائر کا جائزہ لینے کے لیے معائنہ کار بھیجنے کی تیاری کر رہے
ذرائع ابلاغ کے مطابق کے مطابق ایران نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ساتھ ...
بين الاقوامى -
ایران: پاسداران انقلاب کی طرف سے خلیج میں آئل ٹینکر قبضے میں لینے کی تصدیق
ایرانی پاسداران انقلاب کور نے ہفتے کے روز تصدیق کی ہے کہ اس نے خلیج میں ایک آئل ...
مشرق وسطی -
شدید خشک سالی کے باعث ایران نے مصنوعی بارش کے لیے کام شروع کر دیا
ملک کو عشروں کی شدید ترین خشک سالی کا سامنا
مشرق وسطی