مصر کی وزارت کھیل نے منگل کے روز جاری ایک سرکاری بیان میں چوتھے ڈویژن کے میچ کے دوران ہونے والے افسوس ناک واقعے کی تفصیلات جاری کی ہیں۔ یہ مقابلہ صوبہ منیا کے علاقے میں مرکز شباب مغاغہ اور مرکز شباب دیر مواس کے درمیان کھیلا جا رہا تھا۔
مرکز شباب دیر مواس کے کھلاڑی طارق صدقی میچ کے دوران اچانک شدید طبی مسئلے کا شکار ہوگئے اور ان کے دل کی دھڑکن رک گئی۔
اس موقع پر میچ میں موجود طبی عملہ فوری حرکت میں آیا اور دل کی بحالی کی معروف تکنیک کے ذریعے کارڈیو پلمونری ریسیسیٹیشن کیا گیا جس کے نتیجے میں کھلاڑی کی حالت سنبھل گئی۔
وزیر نوجوانان و کھیل ڈاکٹر اشرف صبحی نے وزارت کی اعلیٰ طبی کمیٹی کو ہدایت کی کہ کھلاڑی کی صحت کا مکمل طور پر جائزہ لیں اور علاج میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آنے دیں۔
وزارت کا کہنا ہے کہ اس نے مصر کی ایمبولینس سروس سے رابطہ کیا جس نے بتایا کہ طبی پروٹوکول کے مطابق کھلاڑی کو موقعے پر ہی فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔
وزارت کھلاڑی کی حالت کی مکمل نگرانی کر رہی ہے اور واضح کیا ہے کہ تمام مقابلوں میں محفوظ ماحول اور معیاری طبی سہولتوں کو یقینی بنایا جائے گا۔