ریگستان میں اگنے والا قیمتی پودا، جس سے مصر کو اربوں کا فائدہ متوقع

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 5 منٹ

حال ہی میں مصری حکومت نے صوبہ بحرِ احمر کے صحرا میں کاشت کیے جانے والے ایک پودے کی فصل کی کٹائی کے کام کا جائزہ لینے کا اعلان کیا ہے، جس سے توقع ہے کہ ملک کو اربوں مصری پاؤنڈز کی آمدنی حاصل ہوگی۔

حکومت نے انکشاف کیا کہ نباتات کے کاشت کے اس منصوبے کے تحت جوجوبا کے پودے کی کٹائی کا آغاز ہو چکا ہے، جو 3000 ایکڑکے رقبے پر تین مرحلوں میں صاف کیے گئے گندے پانی (ٹریٹڈ واٹر) کے استعمال سے لگایا گیا ہے۔

انجینئر عمرو عبد المنعم مصطفیٰ چیئرمین اتھارٹی برائے ترقیِ صعید نے بتایا کہ اتھارٹی غیر روایتی زرعی منصوبوں کو غیر معمولی اہمیت دیتی ہے، جن میں سرفہرست جوجوبا کی کاشت ہے، کیونکہ یہ قومی معیشت کے لیے نمایاں اضافی قدر رکھتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ مصر میں سبز معیشت کی جانب منتقلی کے لیے آب و ہوا سے ہم آہنگ نمایاں اور قائدانہ منصوبوں میں سے ایک ہے۔

انہوں نے یہ بھی تصدیق کی کہ جوجوبا کے پودے کا تیل کئی اہم اور حیاتی صنعتوں میں استعمال ہوتا ہے، جن میں نمایاں طور پر کاسمیٹکس (سنگھار کا سامان) ادویات اور صنعتی تیل شامل ہیں۔ اس سے برآمدات کے مواقع مضبوط ہوتے ہیں اور بلند معاشی منافع حاصل ہوتا ہے، ساتھ ہی اس منصوبے کے ذریعے علاقے کے لوگوں کے لیے براہِ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوتے ہیں۔

مصر میں جوجوبا کی کاشت کے منصوبوں میں سے ایک
مصر میں جوجوبا کی کاشت کے منصوبوں میں سے ایک

لیکن جوجوبا کیا ہے… سبز سونا؟

اس حوالے سے ڈاکٹر محمد یوسف جامعہ زقازیق میں زراعت اور حیاتیاتی انسداد کے پروفیسر ہیں،انھوں نے وضاحت کی کہ جوجوبا ایک دائمی صحرائی جھاڑی ہے، جو خشک اور بنجر علاقوں میں نشوونما پاتی ہے۔ اس کی بلند معاشی قدر اور کثیرالجہتی استعمالات کی وجہ سے اسے ''سبز سونا '' کہا جاتا ہے، کیونکہ یہ بھاری اور کاسمیٹک صنعتوں کی نہایت باریک اور اہم مصنوعات میں استعمال ہوتی ہے۔

انہوں نے العربیہ ڈاٹ نیٹ / الحدث ڈاٹ نیٹ سے گفتگو میں مزید بتایا کہ یہ پودا انتہائی زیادہ درجۂ حرارت اور شدید سردی کو برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ ایک جوجوبا کے درخت کی عمر 100 سال یا اس سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔

انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ اس پودے کی جڑیں نہایت مضبوط اور گہری ہوتی ہیں، جو زمین کے اندر 9 میٹر تک پہنچ جاتی ہیں، جس کے باعث یہ نمی جذب کرنے اور خشک سالی کا مقابلہ کرنے میں غیر معمولی صلاحیت رکھتا ہے۔

مصر میں جوجوبا کی کاشت کے منصوبوں میں سے ایک
مصر میں جوجوبا کی کاشت کے منصوبوں میں سے ایک

بے شمار فوائد

اس ضمن میں انہوں نے زور دے کر کہا کہ جوجوبا کے معاشی فوائد نہایت زیادہ ہیں، کیونکہ اس سے حاصل ہونے والا تیل ہوابازی اور انجن سازی کی صنعت میں استعمال ہوتا ہے، اس لیے کہ یہ بلند درجۂ حرارت میں تحلیل نہیں ہوتا اور اپنی لزوجت برقرار رکھتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس کے تیل کریموں، شیمپو اور جلدی تیلوں کی تیاری میں بھی استعمال ہوتے ہیں، کیونکہ یہ جلد میں تیزی سے جذب ہو جاتے ہیں، چکنائی کا اثر نہیں چھوڑتے اور قدرتی طور پر سوزش اور بیکٹیریا کے خلاف مؤثر ہوتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ اس پودے کا تیل بعض جلدی امراض کے علاج اور جراحی درد کو کم کرنے میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔اسی طرح انہوں نے وضاحت کی کہ جوجوبا کے درختوں کی اقسام متعدد ہیں اور یہ مختلف ماحولیاتی حالات کے مطابق ڈھل جاتی ہیں۔

انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ یہ فصل پانی کی انتہائی بچت کرنے والی ہے اور ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جس کی وجہ سے یہ ایک نہایت امید افزا فصل ہے جو بلند معاشی قدر فراہم کرتی ہے اور اسٹریٹجک صنعتوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

جوجوبا
جوجوبا

زیادہ پانی کی ضرورت نہیں

اس حوالے سے ڈاکٹر اشرف کمال مرکزِ زرعی تحقیق میں زرعی معاشیات کے پروفیسر ہیں ،انھوںنے کہا کہ جوجوبا کی نمایاں خصوصیات میں سے ایک یہ ہے کہ اسے کم زرخیز زمینوں اور ایسی زمینوں میں بھی کاشت کیا جا سکتا ہے جو زیادہ تر موسمِ سرما یا موسمِ گرما کی فصلوں کے لیے موزوں نہیں ہوتیں۔ یہی وجہ ہے کہ یہ زرعی گردش میں روایتی فصلوں کا متبادل یا حریف نہیں بنتا۔

انہوں نے العربیہ ڈاٹ نیٹ / الحدث ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ جوجوبا کی فصل کو دیگر فصلوں کے مقابلے میں کم مقدار میں پانی درکار ہوتا ہے اور اسے نمکین زمینوں میں بھی اگایا جا سکتا ہے۔ اس سے یہ فصل صحرائی علاقوں اور محدود آبی وسائل والے خطوں میں زرعی توسیع کے لیے ایک مثالی انتخاب بن جاتی ہے اور پائیدار زرعی ترقی اور سبز معیشت کے حصول کے مواقع کو فروغ دیتی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں