غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج کی حالیہ کارروائیوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 10 فلسطینی قتل اور 9 دیگر زخمی ہوئے۔
وزارت نے بتایا کہ اب بھی کئی ہلاکتیں ملبے تلے دبے ہوئے ہیں اور ریسکیو ٹیمیں اُن تک پہنچنے سے قاصر ہیں۔
وزارت صحت نے مزید کہا کہ 11 اکتوبر سے جاری جنگ بندی کے بعد ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 601 اور زخمیوں کی تعداد 1607 تک پہنچ چکی ہے، جبکہ مختلف علاقوں سے 726 لاشیں بازیاب کی گئی ہیں۔
گزشتہ 7 اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 72061 اور زخمیوں کی تعداد 171715 تک پہنچ چکی ہے۔
اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں دو فلسطینیوں کو ہلاک کرنے کا بھی اعلان کیا، جنہیں اپنی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا گیا تھا۔اگرچہ جنگ بندی کا اعلان ہو چکا ہے، اسرائیل اور حماس ایک دوسرے پر اس کے اصولوں کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کر رہے ہیں، جبکہ حملے اور فائرنگ کے واقعات اور مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوج کی پیش قدمی جاری ہے۔
اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ یہ کارروائیاں عسکری اہداف اور مسلح افراد کے خلاف ہیں، لیکن غزہ کے حکام کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں میں عام شہری بھی ہلاک اور زخمی ہو رہے ہیں اور انسانی بحران بڑھ رہا ہے۔