مصر میں موسم میں نمایاں تبدیلیاں دیکھی جا رہی ہیں۔ درجۂ حرارت میں عارضی اضافے کی لہر کے بعد اب مختلف علاقوں میں بتدریج کمی کے آثار ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں اور سردی کا موسم دوبارہ واضح طور پر لوٹ آیا ہے۔
آج ہفتہ کے روز قاہرہ اور زیریں مصر (الوجہ البحری) میں دن کے وقت معتدل موسم متوقع ہے، شمالی بالائی مصر میں قدرے گرم جبکہ جنوبی علاقوں میں نسبتاً زیادہ گرم رہے گا۔
رات کے وقت درجۂ حرارت میں نمایاں کمی ہوگی، جس کے باعث بیشتر علاقوں میں موسم سرد سے شدید سرد ہو جائے گا اور زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجۂ حرارت کے درمیان فرق بڑھ جائے گا۔
متعلقہ اداروں نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ دن کے وقت عارضی حدت سے دھوکا نہ کھائیں اور خصوصاً رات اور صبح سویرے گرم کپڑے پہنیں۔
محکمۂ موسمیات کے میڈیا سینٹر کی رکن ڈاکٹر منار غانم نے العربیہ ڈاٹ نیٹ اور الحدث ڈاٹ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں سرد اور خشک موسم غالب ہے اور درجۂ حرارت گزشتہ دنوں کے مقابلے میں نمایاں کم ہو چکا ہے۔
شمالی و مشرقی اور مغربی ساحلی علاقوں میں موسم سرد رہے گا، وسطی سینا میں بھی سردی ہوگی جبکہ سانت کیتھرین میں شدید سردی متوقع ہے۔
ڈیلٹا سے شمالی بالائی مصر تک قدرے سرد موسم رہے گا اور دن کے وقت دیگر علاقوں میں نسبتاً معتدل رہے گا۔
تاہم رات کے وقت ملک بھر میں شدید سردی ہوگی اور وسطی سینا، سانت کیتھرین، مغربی صحرا اور وسطی بالائی مصر میں درجۂ حرارت نقطۂ انجماد تک گر سکتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بیشتر علاقوں میں ہواؤں کی نسبتاً تیز رفتار سردی کے احساس کو مزید بڑھا دے گی، خصوصاً رات کے وقت۔ صبح سویرے گھنی دھند یا کہر بننے کا بھی امکان ہے، جس سے شمالی علاقوں، شمالی بالائی مصر، نہر سویز کے شہروں اور سینا میں حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔
جامعہ زقازیق کے ماہرِ موسمیات ڈاکٹر علی قطب نے بتایا کہ یہ سردی کا سلسلہ آئندہ جمعرات تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران ہوائیں چلتی رہیں گی اور بادلوں کی موجودگی دن کے بیشتر حصے میں برقرار رہے گی۔
پیر اور منگل کو شمالی علاقوں قاہرہ اور ڈیلٹا میں ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے، جبکہ اسکندریہ، البحیرہ اور دقہلیہ میں تیز اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت تقریباً 18 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم 8 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے اور درجۂ حرارت میں سب سے زیادہ کمی پیر کے روز متوقع ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ گرم کپڑے پہنیں اور گاڑی چلاتے وقت خاص احتیاط کریں، خصوصاً بارش یا دھند کے دوران، کیونکہ حدِ نگاہ میں کمی واقع ہو سکتی ہے۔