سعودی عرب میں طائف کے گلاب کی پیداوار دو ارب تک بڑھانے کے منصوبے

یہ اہم شعبہ اور مملکت کی شناخت کو مستحکم کرنے کا تزویراتی عنصر ہے: بازید کا ’’ العربیہ ڈاٹ نیٹ‘‘ کو انٹرویو

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 4 منٹ

سعودی عرب میں طائف کے گلاب کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ اس ترقی کے پیچھے وہ پرجوش ترقیاتی منصوبے ہیں جن کا مقصد سالانہ پیداوار کو دو ارب گلابوں تک پہنچانا ہے۔ 346 ہیکٹر رقبے پر پھیلے ہوئے 910 سے زیادہ فارمز کے ذریعے گلاب کے پھولوں کی حالیہ پیداوار نصف ارب گلاب سے تجاوز کر گئی ہے۔ یہ اعداد و شمار اقتصادی اور ثقافتی اہمیت کی حامل اس ممتاز زرعی فصل کی اہم حیثیت کی عکاسی کر رہے ہیں۔

قومی شناخت تک کا سفر

طائفی گلاب اب محض ایک روایتی زرعی پیداوار نہیں رہا، بلکہ یہ صوبہ طائف کی شناخت کی عکاسی کرنے والا ایک تزویراتی عنصر بن چکا ہے اور اس کے ثقافتی ورثے سے جڑ گیا ہے۔ خاص طور پر یونیسکو کی غیر مادی ورثے کی فہرست میں اس کی شمولیت کے بعد اس کی اس کی عالمی موجودگی بڑھ گئی ہے اور اس کی تہذیبی قدر میں اضافہ ہوگیا ہے۔

طائف کے گلاب
طائف کے گلاب

یہ شعبہ ایک اہم معاشی ذریعے کی نمائندگی کر رہا ہے کیونکہ یہ خوشبوؤں، عرقِ گلاب اور آرائشی مصنوعات سمیت متعدد ذیلی صنعتوں کے لیے راہیں کھولتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور سیاحت کو متحرک کرنے میں بھی کردار ادا کر رہا ہے۔ خاص طور پر فصل کی کٹائی کے موسم میں طائف میں گلاب کے فارمز مقامی اور بین الاقوامی سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن جاتے ہیں۔

حکومتی تعاون اور جامع ترقی

گلاب کے پھولوں کے اس شعبے کو مالیاتی اور رہنمائی کے پروگراموں کے ذریعے حکومتی تعاون حاصل ہے۔ ساتھ ہی آبپاشی اور پیداوار میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اور پائیدار زرعی طریقوں کی ترقی بھی جاری ہے۔

یہ ترقی سعودی ’’ ویژن 2030 ‘‘ کے اہداف کے عین مطابق ہے اور پیداواری صلاحیت و معیار کو بلند کر رہی ہے۔ متعلقہ ادارے کٹائی، نقل و حمل اور ذخیرہ اندوزی کے عمل کو بہتر بنا کر، پیکنگ کے کارخانوں کو جدید بنا کر اور بین الاقوامی معیار کے اطلاق کے ذریعے سپلائی چین کی کارکردگی بڑھانے پر کام کر رہے ہیں تاکہ عالمی منڈیوں میں سعودی مصنوعات کی مسابقت کو مضبوط کیا جا سکے۔

گلاب کا میلہ، تشہیر اور انویسٹمنٹ کا پلیٹ فارم

طائفی گلاب کا میلہ اس شعبے کی حمایت میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے کیونکہ یہ مصنوعات کو عالمی سطح پر متعارف کروانے، معاشی سرگرمیوں کو متحرک کرنے اور سرمایہ کاری کے نئے افق کھولنے میں مدد دے رہا ہے۔ یہ میلہ خصوصی علمی تقریبات کے ذریعے بھی ماہرین اور محققین کو اپنی طرف راغب کر رہا ہے۔

مستقبل کے منصوبوں کی توجہ کاشت کے رقبے میں اضافے، عرق نکالنے کی جدید تکنیکوں کو اپنانے اور ہدف بنائی گئی مارکیٹوں کو خلیج، یورپ اور مشرقی ایشیا تک وسعت دینے پر ہے۔ اس کے ساتھ ای کامرس میں توسیع اور مصنوعات کی تجارتی شناخت کو مضبوط بنانا بھی اہداف میں شامل ہے۔

قدرتی عوامل

طائف میں موجود ہدا اور شفا کی بلندیاں اس گلاب کی انفرادیت کے اہم ترین عوامل ہیں، جو اپنے معتدل آب و ہوا اور سطح سمندر سے بلندی کی وجہ سے گلاب کو اعلیٰ معیار اور خوشبودار تیلوں کا وہ خاص ارتکاز فراہم کرتی ہیں جس کا دیگر علاقوں میں ملنا مشکل ہے۔ سائنسی تحقیقات، خاص طور پر جامعہ طائف میں گلاب کی جنیاتی خصوصیات کے مطالعہ پیداوار میں بہتری اور نئی مصنوعات کی ایجاد کے ذریعے اس شعبے کی ترقی میں حصہ ڈال رہی ہیں۔ یہ مطالعہ مزارعین کو جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی اور علم کی منتقلی میں بھی مدد دے رہا ہے۔

قومی معیشت کو مستحکم کرنے والا امید افزا شعبہ

طائفی گلاب کا شعبہ ایک مضبوط پیداواری بنیاد رکھتا ہے اور حکومتی تعاون اور نجی شعبے کے درمیان ہم آہنگی کی بدولت نمایاں ترقی کر رہا ہے۔ یہ صورت حال اسے ان امید افزا شعبوں میں سے ایک بناتی ہے جو معیشت کے تنوع، مزارعین کی آمدنی میں اضافے اور عالمی منڈیوں میں مملکت کی موجودگی کو بڑھانے میں معاون ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں