واشنگٹن چرنوبل نیوکلیئر ری ایکٹر کی مرمت کے لیے 10 کروڑ ڈالر دے گا : زیلنسکی
گذشتہ سال ایک روسی ڈرون نے ری ایکٹر کو ڈھانپنے والی فولادی محراب کو نقصان پہنچایا تھا
یوکرین کے صدر ولودی میر زیلنسکی نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ چرنوبل نیوکلیئر پاور پلانٹ کے متاثرہ ری ایکٹر پر لگی حفاظتی ڈھال کی مرمت کے لیے 10 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا۔
زیلنسکی نے بدھ کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر ایک پوسٹ میں اس عزم کو امریکی تعاون کا ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے اس پر اظہارِ تشکر کیا۔
🇺🇸 USA will allocate $100m for the repair of the Chornobyl NPP's confinement, which was damaged by a russian drone.
— Denys Shmyhal (@Denys_Shmyhal) April 29, 2026
During the International #Chornobyl40 Conference, we discussed with partners the financial needs for restoring the Confinement. As of today, they amount to… pic.twitter.com/Qli8GfmJXE
انہوں نے کہا کہ مرمت کے کاموں کے لیے 50 کروڑ یورو (58.3 کروڑ ڈالر) سے زائد کی رقم درکار ہو گی، کیونکہ گذشتہ سال ایک روسی ڈرون نے ری ایکٹر کو ڈھانپنے والی فولادی محراب کو نقصان پہنچایا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یوکرین ضروری فنڈز حاصل کرنے کے لیے اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہر تعاون اس مقصد کے حصول کو قریب لاتا ہے۔
واضح رہے کہ اتوار کے روز چرنوبل حادثے کو گزرے 40 برس پورے ہو گئے۔ یوکرین میں چار سال سے زائد عرصے سے جاری روسی جنگ اس مقام کے لیے نئے خطرات پیدا کر رہی ہے۔
یوکرینی صدر نے روس پر "ایٹمی دہشت گردی" کا الزام بھی عائد کیا ہے۔ اتوار کے روز زیلنسکی نے کہا کہ روس نے 2022 سے ان کے ملک پر حملہ کر کے "دنیا کو انسانی ساختہ تباہی کے دہانے پر دھکیل دیا ہے"۔ انہوں نے اشارہ کیا کہ ماسکو کی جانب سے چھوڑے گئے ڈرونز مستقل طور پر نیوکلیئر ری ایکٹر کے اوپر سے گزرتے ہیں اور ان میں سے ایک نے گذشتہ سال اس کی حفاظتی ڈھال کو نشانہ بنایا تھا۔
زیلنسکی نے اس بات پر زور دیا کہ "دنیا کو اس ایٹمی دہشت گردی کو جاری رکھنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے اور ایسا کرنے کا بہترین طریقہ روس کو اس کے غیر ذمے دارانہ حملے روکنے پر مجبور کرنا ہے"۔