ڈچ وزیرِ اعظم راب ییٹن نے جمعہ کو کہا ہے کہ ہالینڈ کی حکومت نے ان اشیاء کی درآمد پر پابندی عائد کرنے پر اتفاق کیا ہے جو اسرائیل کے زیرِ قبضہ فلسطینی علاقوں میں قائم یہودی بستیوں میں پیدا ہوتی ہیں۔
ییٹن نے کہا کہ پابندی کا مقصد "غیر قانونی آبادیوں کے ساتھ اقتصادی سرگرمیوں میں ہالینڈ کے کسی بھی طرح حصے دار بننے کو روکنا ہے۔"
سابقہ ڈچ حکومت نے گذشتہ سال کہا تھا کہ وہ پابندی کی منصوبہ بندی کر رہی تھی جو اب سال کے دوسرے نصف میں نافذ ہونے کی امید ہے۔
نیدرلینڈز اسرائیلی سامان اور مصنوعات کا ایک سرکردہ عالمی خریدار ہے لیکن حکومت نے کبھی یہ نہیں بتایا کہ یہودی آبادیوں سے اس وقت کتنی تعداد میں سامان درآمد کیا جاتا ہے۔
زیادہ تر عالمی طاقتیں اور اقوامِ متحدہ فلسطین کی زمین پر اسرائیلی آبادیوں کو غیر قانونی سمجھتی ہیں۔ اسرائیل اس سے اختلاف کرتے ہوئے کہتا ہے کہ اس کا فسلطینی سرزمین سے تعلق تاریخ اور انجیلِ مقدس سے ثابت شدہ ہے۔