امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نیویارک میں منعقد ہونے والے امریکی باسکٹ بال لیگ (این بی اے) کے فائنلز کے تیسرے میچ کے دوران تماشائیوں کی جانب سے ہوٹنگ اور ناپسندیدگی کے نعروں کی صورت میں شدید عوامی ردعمل کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ ردِعمل اس وقت دیکھنے میں آیا ،جب پیر کی شام نیویارک نِکس اور سان انتونیو اسپرس کے درمیان میچ شروع ہونے سے قبل قومی ترانے کے دوران ٹرمپ کی تصویر مختصر وقت کے لیے اسٹیڈیم کی بڑی اسکرین پر دکھائی گئی۔ تصویر نمودار ہوتے ہی بعض تماشائیوں نے ہوٹنگ شروع کر دی۔
Donald Trump gets booed at the NBA Finals in New York City.
— Variety (@Variety) June 9, 2026
(via ABC) pic.twitter.com/ryUdrY8Lw2
79 سالہ ٹرمپ نیویارک نِکس کے حامی سمجھے جاتے ہیں، جنہیں کلب کے مالک جیمز ڈولن نے فائنل میچ دیکھنے کی دعوت دی تھی۔
میچ سے قبل میڈیسن اسکوائر گارڈن میں این بی اے کے کمشنر ایڈم سلور نے کہا کہ امریکی صدر نیویارک نِکس کے حقیقی مداح ہیں۔
Trump, shown on camera during the national anthem, is booed loudly at MSG pic.twitter.com/NkWE4xsE2Z
— Aaron Rupar (@atrupar) June 9, 2026
فائنل سیریز کے ابتدائی دو میچ سان انتونیو میں کھیلے گئے تھے، جن میں نیویارک نِکس کامیاب رہا۔ سات میچوں پر مشتمل اس سیریز کا چوتھا مقابلہ بدھ کے روز میڈیسن اسکوائر گارڈن میں ہوگا، جبکہ ضرورت پڑنے پر چھٹا میچ بھی یہیں کھیلا جائے گا۔
این بی اے کے مطابق ٹرمپ اپنے عہدۂ صدارت کے دوران باسکٹ بال لیگ کے فائنل میچ میں شرکت کرنے والے پہلے امریکی صدر ہیں۔
سیاست میں آنے سے قبل بھی وہ نیویارک نِکس کے میچ باقاعدگی سے دیکھا کرتے تھے اور اکثر کورٹ کے قریب نشستوں پر موجود ہوتے تھے۔
گزشتہ سال وائٹ ہاؤس میں واپسی کے بعد ٹرمپ سپر باؤل اور یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں بھی شرکت کر چکے ہیں۔