پیر کی شام موناکو کی ریاست میں ایک زور دار دھماکا ہوا، جس کے بعد ایک مشتبہ بیگ پھٹنے سے ایک ہی خاندان کے تین افراد زخمی ہو گئے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔ حکام نے جائے وقوعہ سے فرار ہونے والے ایک مشتبہ شخص کی تلاش شروع کر دی ہے اور اس کی شناخت میں مدد کے لیے اس کی تصویر بھی جاری کی ہے۔
یہ دھماکا رات نو بجے کے قریب فرانس کی سرحد کے قریب ایک رہائشی عمارت کے اندر ہوا، جس کے نتیجے میں سکیورٹی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ برطانوی اخبار دی سن کے مطابق حکام نے واقعے کی تفصیلات جاننے کے لیے وسیع پیمانے پر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
BREAKING: A powerful explosion has been reported in Monaco after a person allegedly dropped off bags shortly before the blast. pic.twitter.com/cWBBSnfBih
— Breaking911 (@Breaking911) June 29, 2026
پولیس کا کہنا ہے کہ نگرانی کرنے والے کیمروں نے ایک مشتبہ شخص کو موقع پر دو بیگ رکھتے ہوئے دیکھا، جس کے بعد وہ پیدل فرار ہو گیا۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ قریبی فرانسیسی قصبے بوسولی کی طرف فرار ہوا ہے۔
حکام نے بتایا ہے کہ جائے وقوعہ سے ملنے والے بیگوں میں دھاتی کیلیں موجود تھیں، جس سے اس مفروضے کو تقویت ملتی ہے کہ یہ دھماکا بارودی مواد سے ہوا ہے۔ تاہم اب تک مشتبہ شخص کی شناخت یا اس کے محرکات کا سرکاری طور پر اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
موناکو کے وزیر مملکت کرسٹوف میرمین نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ اس واقعے کے ایک حملہ ہونے کا امکان ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔
UPDATE: Police are reportedly searching for a suspect who remains at large following what authorities have described as a targeted explosion in Monaco involving a planted explosive device. pic.twitter.com/gE2GOxQuH9
— Breaking911 (@Breaking911) June 29, 2026
فرانسیسی شہر نیس کے میئر ایرک سیوٹی نے بھی اس واقعے کو حملہ قرار دیا اور پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ آج شام ہونے والا حملہ موناکو پر ایک المیہ ہے، انہوں نے متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
حکام نے تاحال سرکاری طور پر اس بات کی تصدیق نہیں کی ہے کہ آیا یہ دھماکا کوئی دہشت گردانہ کارروائی ہے یا نہیں، جبکہ واقعے کے پس منظر کی تحقیقات جاری ہیں۔.