کیم جونگ اُن کی بحری جہاز سے جوہری صلاحیت کے حامل ہتھیاروں کے تجربے کی نگرانی
شمالی کوریا کے سربراہ نے کروز میزائل اور کانج کون ڈسٹرائر کی مرکزی توپ کے ٹیسٹ کا جائزہ لیا
شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا نے اتوار کے روز بتایا کہ شمالی کوریا کے سربراہ کیم جونگ اُن نے پانچ ہزار ٹن وزنی نئے بحری جہاز ’کانج کون‘ پر سوار ہو کر جوہری صلاحیت کے حامل کروز میزائل اور دیگر ہتھیاروں کے تجربات کی نگرانی کی۔ یہ بحری جہاز گذشتہ برس ناکام لانچ تقریب کے دوران ہونے والے نقصانات کی مرمت کے بعد تیار کیا گیا ہے۔ یہ تازہ ترین عسکری مظاہرہ کیم جونگ اُن کی جانب سے جوہری ہتھیاروں سے لیس بحریہ کی تعمیر کی کوششوں کو اجاگر کرتا ہے۔
شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ جمعہ کے روز ہونے والے اس ایونٹ میں سٹریٹیجک کروز میزائل کا تجرباتی فائر، کانج کون ڈسٹرائر کی مرکزی توپ اور اس کی خودکار توپوں کے ٹیسٹ شامل تھے۔ اس کے علاوہ الیکٹرانک جنگی نظام کے تجربات اور ہدف کا پتہ لگانے اور معلومات کو پراسیس کرنے کی صلاحیتوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ساحل سے تجربات کا مشاہدہ کرنے کے بعد کیم جونگ اُن نے حکام کو ہدایت کی کہ ڈسٹرائر کے تجربات مکمل کیے جائیں اور جہاز کو دو ماہ کے اندر فعال سروس میں شامل کر لیا جائے۔
گذشتہ ماہ پانچ ہزار ٹن وزنی شمالی کوریائی ڈسٹرائر جس کا نام ’چوئی ہیون‘ ہے سروس میں شامل کیا گیا تھا۔
بیلسٹک میزائلوں کی ترقی کو ترجیح دینے کے کئی برسوں بعد کیم جونگ اُن نے اپنی توجہ تیزی سے بحری صلاحیتوں کی طرف مبذول کر لی ہے جس میں ایٹمی توانائی سے چلنے والی آبدوز کی تیاری بھی شامل ہے۔
فروری سنہ 2026ء میں ورکرز پارٹی کی کانفرنس کے دوران اپنے پانچ سالہ عسکری اہداف کا جائزہ لیتے ہوئے کیم جونگ اُن نے زیر آب لانچ کرنے کے قابل بین البراعظمی بیلسٹک میزائلوں کی تیاری کا مطالبہ بھی کیا تھا۔
شمالی کوریا نے پہلی بار اپریل سنہ 2025ء میں چوئی ہیون ڈسٹرائر کی نقاب کشائی کی تھی، جسے کیم جونگ اُن نے اپنی فوج کے آپریشنل دائرہ کار اور پہلے حملہ کرنے کی صلاحیتوں کو وسعت دینے کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا تھا۔
شمالی کوریا کی خبر رساں ایجنسی نے کہا کہ یہ جنگی جہاز مختلف سسٹمز سے لیس ہے جن میں طیارہ شکن اور بحری جہاز شکن ہتھیاروں کے علاوہ بیلسٹک میزائل اور جوہری صلاحیت کے حامل کروز میزائل شامل ہیں۔
جنوبی کوریا کی یونہاپ خبر رساں ایجنسی کے مطابق جنوبی کوریائی فوج نے اتوار کے روز کہا کہ اس نے گذشتہ جمعہ کے روز شمال کی طرف سے ایک جنگی جہاز سے مشرقی سمندر کی جانب کروز میزائل فائر کیے جانے کا مشاہدہ کیا اور سیول اور امریکہ ان تفصیلات کا تجزیہ کر رہے ہیں۔
شمالی کوریا کے سرکاری ٹیلی ویژن کی جانب سے مختلف زاویوں سے نشر کی گئی فوٹیج میں تقریباً 10 کروز میزائلوں کو یکے بعد دیگرے آسمان کی طرف جاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔