امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دفاعی شعبے کے لیے 350 ارب ڈالر کے نئے فنڈنگ پیکج کی منظوری دے۔
انہوں نے ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ کی قیادت پر زور دیا کہ اجلاس دوبارہ شروع ہوتے ہی اسے اولین ترجیح دی جائے۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں کہا کہ امریکی مسلح افواج آج جتنی مضبوط اور طاقتور ہیں، پہلے کبھی نہیں تھیں اور یہ کہ دنیا کا کوئی دوسرا ملک وہ صلاحیت نہیں رکھتا جو امریکہ کے پاس موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی فوج نے رواں سال بھرتیوں کے ہدف کو مقررہ وقت سے کئی ماہ پہلے ہی پورا کر کے ریکارڈ قائم کیا ہے، جبکہ فوجیوں کا حوصلہ اور اعتماد بھی بلند ترین سطح پر ہے۔
ٹرمپ کے مطابق امریکی فوج کی طاقت کا مظاہرہ ملک کی آزادی کی 250 ویں سالگرہ کی تقریبات کے دوران بھی نمایاں طور پر دیکھنے میں آیا اور ان کے بقول امریکی محکمۂ دفاع (پینٹاگون) آج پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہے۔
دفاعی اخراجات میں اضافے پر زور
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ Reconciliation 3اعشاریہ0منصوبے کی منظوری دے، جس کے تحت دفاعی شعبے کے لیے 350 ارب ڈالر مختص کیے جائیں۔
انہوں نے ساتھ ہی سیو امریکا ایکٹ (SAVE AMERICA ACT) کی بھی جلد منظوری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس کا اجلاس دوبارہ شروع ہوتے ہی اس بل کو بجٹ کمیٹی سے فوری طور پر آگے بڑھایا جائے۔
ٹرمپ نے کہا کہ محکمۂ دفاع کی مکمل فنڈنگ اور نئے قانون کی منظوری کا عمل تیزی سے مکمل کیا جا سکتا ہے، جس سے امریکہ آنے والی نسلوں تک آزاد اور محفوظ رہے گا۔
ٹرمپ کا یہ مطالبہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب ان کی انتظامیہ بین الاقوامی کشیدگی، یوکرین میں جاری جنگ، مشرقِ وسطیٰ اور بحرِ ہند و بحرالکاہل کے خطے میں بڑھتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز کے پیشِ نظر دفاعی اخراجات میں اضافے پر توجہ دے رہی ہے۔
یہ مطالبہ امریکہ کی جانب سے اپنے اتحادیوں، خصوصاً شمالی اوقیانوسی معاہدہ تنظیم (نیٹو) کے رکن ممالک سے دفاعی اخراجات بڑھانے اور مشترکہ سلامتی کی ذمہ داریوں میں زیادہ حصہ لینے کے مسلسل مطالبات کے ساتھ بھی ہم آہنگ ہے، جبکہ امریکی انتظامیہ اپنی فوجی صلاحیتوں میں اضافہ اور مسلح افواج کو جدید بنانے کے منصوبوں پر بھی کام کر رہی ہے۔