ماسکو کے میئر نے پیر کے روز اعلان کیا کہ رات کے دوران روسی دارالحکومت کی جانب 400 سے زائد ڈرونز بھیجے گئے، جن میں سے زیادہ تر کو راستے میں ہی روک لیا گیا۔
سرگئی سو بیانین نے ''میکس'' پلیٹ فارم پر لکھا کہ رات 8 بج کر 30 منٹ (عالمی وقت کے مطابق شام 30 :5بجے) سے صبح 5 بجے تک، ماسکو کے علاقے کی طرف 400 سے زیادہ دشمن ڈرونز پرواز کرتے ہوئے آئے۔
85 ڈرونز تباہ
انہں نے مزید کہا: ان میں سے زیادہ تر ڈرونز کو فضائی دفاعی نظام نے شہر سے کافی فاصلے پر ہی ناکارہ بنا دیا، جبکہ ماسکو کے قریب پہنچنے والے 85 ڈرونز کو تباہ کر دیا گیا۔
کیف نے حالیہ مہینوں میں روسی سرزمین پر اپنے حملوں میں اضافہ کیا ہے اور اسے یوکرین پر چار سال سے زائد عرصے سے جاری روسی بمباری کا ردعمل قرار دیا ہے۔
دوسری جانب روسی خبر رساں ادارے ''تاس'' نے پیر کے روز بتایا کہ ماسکو کے علاقے میں ہونے والے ایک دھماکے میں زخمی ہونے والے چھ افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا۔
ایجنسی کے مطابق ماسکو کے جنوب میں واقع دومودیدوو اسپتال کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ زخمیوں کی حالت مختلف نوعیت کی ہے، جن میں تین غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا یہ زخمی افراد ڈرون حملوں سے متعلق واقعے میں متاثر ہوئے یا نہیں۔