مسجد حرام میں یومیہ 15 ہزار معتمرین میں آب زم زم تقسیم
خادم الحرمین الشریفین کی ہدایت پر
سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے رمضان المبارک میں معتمرین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے وعدے پرعمل درآمد جاری ہے۔ اسی مہم کے تحت یومیہ پندرہ ہزار معتمرین میں زم زم کے ہزاروں گیلن مفت تقسیم کیے جاتے ہیں۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق الحرمین الشریفین کے امور کی نگران کمیٹی کے چیئرمین الشیخ ڈاکٹرعبدالرحمان السدیس نے اپنے ہاتھوں سے زم زم کی تقسیم کی مہم کا افتتاح کیا۔ اب روز مرہ کی بنیاد پر افطار سے قبل مسجد حرام میں آب زم زم کی 330 ملی لیٹر کی پندرہ ہزار بوتلیں مفت تقسیم کی جا رہی ہیں۔
مسجد حرام میں فراہمی آب کے شعبے کے ڈائریکٹر انجینئر ماہر بن منسی الزھرانی نے میڈیا کو بتایا کہ "ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس کی ہدایت پر انہوں نے یومیہ پندرہ ہزار معتمرین میں آب زم زم کی تقسیم کا عمل شروع کیا ہے۔" ان کا کہنا تھا کہ ماہ صیام میں معتمرین کو ہرممکن سہولت فراہم کرنے سے متعلق خادم حرمین شریفین کی ہدایات پرعمل درآمد جاری رہے گا۔